تعلیم کو عام کر کے اور نوجون نسل کا رشتہ کتاب سے جوڑ کر اقبالؒ کے فلسفہ خودی کو سمجھا جا سکتا ہے،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان کا نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 23:01

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کو عام کر کے اور نوجون نسل کا رشتہ کتاب سے جوڑ کر اقبالؒ کے فلسفہ خودی کو سمجھا جا سکتا ہے، ہمیں اپنے نظام تعلیم کو اس طرز پر ڈھالنا ہو گا جو ہماری آنے والی نسلوں کونبی کریم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرائے،اقبال سے ملائے اور قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سکھائے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو یہاں ’’ایوان اقبال‘‘ فاطمہ جناح پارک میںپازیٹو پاکستان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یوم اقبال کے حوالے سے’’خودی کو کر بلند‘‘ کے عنوان سے نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اقبال نے ہمیشہ قرآن سے رہنمائی لی لیکن بد قسمتی سے آج قرآن اور اسلامی تعلیمات سے دوری نے ہمیں ان اعلیٰ معاشرتی اقدار سے دور کر دیا ہے جو کبھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہوا کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا وہ طبقہ ہوتا ہے جسے بہترین تعلیم اور تربیت فراہم کر کے ہم ملک کو اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں اس کے لئے ہمیں کتاب سے نوجوان کا رشتہ مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،کتاب آپ کو اپنے ہم عصروں میں ممتاز بنا دیتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام کی عظمت رفتہ لانے اور تقدیر امم کے جاننے کے لئے قرآن سے رہنمائی لینا ہوگا۔وزیر مملکت نے نوجوانوں میں تعمیری سوچ پیدا کرنے کے لئے پازیٹو پاکستان فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔ پازیٹو پاکستان فاؤنڈیشن نے یومِ اقبال کی مناسبت سے ایوانِ قائد اسلام آباد میں ایک بہترین ایونٹ منعقد کرایا اس تربیتی پروگرام میں ملک بھر سے پانچ سو زائد طلباء وطالبات اور ملازمت پیشہ افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کے انعقاد کا اہم مقصد نوجوانوں میں خودی کی پہچان اور اپنے بلند مقاصد سے آشنائی تھا۔پروگرام میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان، پازیٹو پاکستان کے صدر عابد اقبال کھاری ،پازیٹو پاکستان کے چیئرمین سید محمد انیس،واٹر پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین نصیر احمد گیلانی،لیکچرر خرم الٰہی ،کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ پی.آئی.ڈی.ای کیاسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتازاعوان, ترک سکالرطاہرو اندلیب، ہیپی لائف سرکل کے چیف ایگزیکٹو افسرمیجر شجاع چوہدری ،پازیٹو پاکستان کے سینئیر نائب صدر عمیر رضا اور پازیٹو پاکستان کے نیشنل سیکریٹری ولید اصغر حسینی نے شرکت کی ۔

اس سلسلہ کا آئندہ پروگرام9دسمبر کو فیصل آباد اور10جنوری کو لاہور میں منعقد کرایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں