مشرقی کوریڈور پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا، اقتصادی راہداری منصوبوں کی رفتار اطمینان بخش ہے ، خسرو بختیار

پیر 17 جون 2019 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار اور چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے پیر کے روز اسلام آباد میں میٹنگ کے دوران مشرقی کوریڈور سکھر سے حیدر آباد تک باٹ موڈ میں کام کی رفتار تیز کرنے اور جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ میٹنگ میں سی پیک پروجیکٹ ڈائریکٹر حسان داود نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران سی پیک فریم ورک کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک کے تحت جاری منصوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ وفاقی وزیر نے سماجی و اقتصادی ترقی اور زراعت کے شعبے کو سی پیک فریم ورک میں شامل کرنے پر چین کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ زراعت معاہدے پر دستخط ایک بڑا سنگ میل تھا ، انھوں نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے چین کی زرعی کمپنیوں کو خوش آمدید کہے گا۔

وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو بتایا کہ اگلے سال کے ترقیاتی بجٹ میں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ضم شدہ اضلاع سمیت کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ خسرو بختیار نے کہا کہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی پلان کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی جو کوسٹل سٹی کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ملاقات میں سی پیک فریم ورک کے تحت مختلف منصوبوں بشمول 300 میگاواٹ کول پاور پلانٹ گوادر اور کوہالہ ہائیڈرو پاور سٹیشن پر بھی بات چیت کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں