شہید بھٹو فائونڈیشن کے زیر اہتمام سیمینار‘ جمہوری اقدار اور روایات کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت پر زور

جمعرات 18 جولائی 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) شہید بھٹو فائونڈیشن کے زیر اہتمام شرکاء نے جمہوری اقدار اور روایات کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما خادم حسین نے اس اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر شہید بھٹو فائونڈیشن اور پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر محمد آصف خان کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار اور روایات کا مرکز و محور عوام ہوتے ہیں اور عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی جمہوری اداروں کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ آئین پاکستان انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان جمہوری اقدار اور روایات کی مکمل شرائط بیان کرتا ہے جس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ممتاز صحافی و سماجی کارکن ماروی سرمد نے کہا کہ موضوع پر بات کرنے سے قبل جمہوریت کی تعریف کرنے کی ضرورت ہے، جمہوریت صرف الیکشن کرانے کا نام نہیں، جمہوریت عوام کے حقوق اور ریاست کی ذمہ داریوں کے احساس کا نام ہے۔

سینیٹر عثمان کاکڑ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد فورم ہے جس نے اس اہم موضوع پر بات چیت کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو آئین اور پارلیمان کی بالادستی اور اظہار رائے کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر سسی پلیجو نے سیمینار کے انعقاد پر شہید بھٹو فائونڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں فائونڈیشن کا ایک بڑا کردار ہے۔ سینیٹر فرحت الله بابر نے کہا کہ جمہوری اقدار اور روایات کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک نئے چارٹر آف ڈیمو کریسی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالوںکے جواب بھی دیئے۔ سیمینار کا موضوع ’’جمہوریت پر منڈلاتے خطرات‘‘ رکھا گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں