(ن) لیگ ، پی پی کی سیاست کی عمارت کرپشن کی بنیادوں پر کھڑی تھی جو زمین بوس ہو چکی ہے‘ ہمایوں اختر خان

وزیر اعظم عمران خان نڈر اور حوصلہ مند شخص ہیں ،ان کی خصوصیات پوری ٹیم کیلئے تقویت کا باعث ہیں‘ سینئر مرکزی رہنما

اتوار 25 اگست 2019 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعز م ہے ،وزیر اعظم عمران خان نڈر اور حوصلہ مند شخص ہیں اور ان کی یہ خصوصیات ان کی پوری ٹیم کیلئے تقویت کا باعث ہیں ،اپوزیشن لانگ مارچ کرے یاشارٹ مارچ، سڑکوں پر دھرنا دے یاڈرائنگ میں بیٹھک لگائے انہیں عوام کی جانب سے کوئی پذیرائی نہیں ملے گی اور ناکامی ان کا مقدر ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر جس طرح پوری دنیا کو انگیج کیا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اسی وجہ سے بھارت میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ موجودہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ عالمی دنیا میں اجاگر ہوا ہے جس سے امید کی کرن بھی پیدا ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے معیشت پر کوئی توجہ نہیں دی اور اس کے برعکس اپنی اور اپنے بچوں کی ترقی اور خوشحالی کو ترجیح دی گئی ۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے کے بعد معیشت کی ترقی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے اورآج ہماری معیشت کو سمت مل چکی ہے اور انشا اللہ وہ وقت آئے گا جب پاکستان کا شمار ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوگا۔ ہمایوںاختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کیلئے اقتدار سے باہر رہنا محال ہو رہا ہے لیکن انہیں پانچ سال انتظار کرنا ہوگا اورشاید انکا یہ انتظار مزید طویل ہو جائے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست کی عمارت کرپشن کی بنیادوں پر کھڑی تھی جو زمین بوس ہو چکی ہے ۔انہیں اپنے ماضی سے توبہ تائب ہو کر ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں