جرائم کے سدباب کے لئے ہماری محنت کی وجہ سے 12سال بعد یواین او نے اسلام آباد کو فیملی سٹیشن قرار دیا ہے

انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس عامر ذوالفقار خان کا کھلی کچہری میں خطاب

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس جرائم کے سدباب کے لئے بہترین حکمت عملی سے کام کررہی ہے، جس کے نتیجے میں رواں سال کے دوران جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ، محرم الحرام میں جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی گئی ،پولیس مصروف ہونے کی وجہ سے چند وارداتیں رونما ہوئیں،پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث بڑے بڑے گینگز کو گرفتار کیا ہے باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا،ہماری محنت و لگن کی وجہ سے 12سال بعد یواین او نے اسلام آباد کو فیملی سٹیشن قرار دیا ہے یہ باتیں انہوںنے کھلی کچہری میں شہریوں سے خطاب کے دوران کہی۔

پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے شہریوں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے ایف ٹین ٹو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں رکن قومی اسمبلی اسد عمر، راجہ خرم نواز،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امورعلی نواز اعوان،ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید کے علاوہ ایس پی انوسٹی گیشن ،ایس پی صدر،معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کئے ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر اسلام آباد میں جرائم بڑھنے کے متعلق شہریوں میں خوف پھیلایا جارہا ہے ، جو کہ درست نہ ہے ،اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لئے اقدامات کئے جس کی وجہ سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ،اس دوران چند ایک وارداتیں ہوئیں،پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث234گروہوں کو گرفتار کر لیا ہے اور باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایف ٹین میں ہونے والے جرائم کے متعلق بریف کیا گیا، ،شہر کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے سد باب کے لئے سپیشل پٹرولنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو رات کے وقت گشت کرتی ہیں جس کے بعد ان علاقوں میں سٹریٹ کرائم اور دیگر واردا توں میں کمی واقع ہوئی ہے ،شہریوں کے ساتھ بہترین رویہ اپنانے اور ان کو عزت دینے کے لئے پہلے سلام اور پھر کلام کی پالیسی بنائی گئی ہے ،پولیس عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لیتی ہے اس لئے پولیس عوام کی خادم ہے اور شہریوں کی عزت پولیس کا اولین فرض ہے ،شہریوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔

آئی جی نے کہا کہ ضلع بھر میں ایس پیز نے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کے مسائل کو فوری طورپرحل کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کی بہترین صورتحال اور پولیس کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 12سال کے بعد اسلام آباد کو فیملی سٹیشن کا درجہ بحال کیا ہے جو کہ اسلام آباد پولیس کی بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، تقریباًن80 فیصد اغوا یا لاپتہ ہونے والے بچوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے ، وفاقی پولیس چھان بین کے لیے جدید طریقے اور ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے جس سے مجرموں تک پہنچنا آسان ہو جاتا ہے، آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں 1300نئے جوان بھرتی کئے جارہے ہیں جو پڑھے لکھے ہیں ،ان کو ابتدائی تربیت کے بعد مختلف اہم جگہوں پر تعینات کیا جائے گا جہاں پولیس اور شہریوں میں زیادہ واسطہ پڑتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی پولیس لائزان کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہیں ،آئی جی اسلام آباد محمدعامر ذوالفقارخان نے کہا ہے کہ پولیس اپنا کام انتہائی خوش اسلوبی سے کر رہی ہے شہری اپنی پولیس پر بھرپور اعتماد کریں اور اطمینا ن رکھیں ،پولیس اپنا کام احسن طریقے سے کر رہی ہے،آخر میں انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اچھے تعلقات کے بغیر بہتری نہیں لائی جا سکتی ۔

کھلی کچہری سے خطا ب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم شہر کے امن و امان کو بہتر بنانے میں بھرپور محنت کر رہے ہیں اور ہم ان سے جرائم کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مزید بہتری کی امید کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں