کام لٹک گیا ہے،میں نہیں سمجھتا وزیراعظم کے استعفے کے بغیر معاملہ حل ہو،مولانا غفور حیدری

حکومت کی مذاکراتی ٹیم غیر سنجیدہ ہے ، چودھری پرویز الہی باوقار انسان ہیں اور ان سے ماضی میں بھی تعلق رہا ہے، ذرائع ابلاغ سے بات چیت

جمعہ 8 نومبر 2019 23:43

اسلام آباد /کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) جمعیت العلمائے اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ کام لٹک گیا ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم کے استعفے کے بغیر معاملہ حل ہو۔ انہوں نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الہی باوقار انسان ہیں اور ان سے ماضی میں بھی تعلق رہا ہے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات با مقصد ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تو وزیراعظم کا استعفیٰ چاہتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے تسلیم کیا کہ چودھری پرویز الہی اس کوشش میں ہیں کہ ہم وزیراعظم کے استعفے سے پیچھے ہٹ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی کہتا ہے کہ براہ راست استعفی اچھا نہیں لگتا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ انتخابات کرالیں۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ وزیراعظم کا استعفیٰ اور نئے انتخابات کا انعقاد ہے جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ڈیڑھ سال ہو گیا لیکن پارلیمانی کمیٹی ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔

جے یو آئی (ف)کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ جب حکومت نے ہم سے رابطہ کیا تو اسی وقت ہم نے اپنا مقف واضح کردیا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ استعفے اور انتخابات پر بات کرنی ہے تو ہم حاضر ہیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ ہماری طرف سے بند نہیں ہے لیکن اگر حکومت بند کرنا چاہتی ہے تو ہم کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تصادم کی طرف تو حکومت لے کر جارہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں