پاکستان افغان امن عمل کی حمایت اور پاک افغان تعلقات میں مثبت پیشرفت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی ایلس ویلز سے بات چیت

منگل 21 جنوری 2020 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کی حمایت اور پاک افغان تعلقات میں مثبت پیشرفت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ بات انہوں نے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاء ایلس ویلز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سیاسی امور اور اقتصادی شراکت داری سمیت دوطرفہ معاملات سے متعلق کئی امور زیر بحث لائے گئے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ طویل المدتی، وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت داری کیلئے دونوں ملکوں کی قیادت کے مشترکہ وژن کے تحت مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی صورتحال کی سنگینی اور ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور جارحانہ اقدامات کو اجاگر کیا۔

سہیل محمود نے کہا کہ عالمی برادری جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ فریقین نے افغان امن اور مصالحتی عمل میں حالیہ پیشرفت کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن عمل کی حمایت اور پاک افغان تعلقات میں مثبت پیشرفت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ سعودی عرب، ایران اور یو اے ای اور دیگر وزراء خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطوں کے حوالہ سے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی اور اختلافات ختم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں