اسلام آباد ہائیکورٹ نے تیز گام ٹرین حادثہ کیس کی سماعت 14 اپریل تک ملتوی کر دی

پیر 24 فروری 2020 19:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تیز گام ٹرین حادثہ کیس کی سماعت 14 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پر سماعت کی۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے سانحہ تیز گام کی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کرائی گئی۔ سانحے کے متاثرہ خاندان کے لواحقین بھی عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔

دوران سماعت سی ای او ریلوے دوست محمد نے عدالت کو بتایا کہ حادثے میں کل87 اموات ہوئیں،جن میں سے 10 میتوں کا ڈی این اے نہیں ہوسکتا ،جو خانیوال میں دفن ہیں، 12 لوگوں کی شناخت ابھی نہیں ہوئی جبکہ2 میتیں امانت کے طور پر دفن ہیں۔ ڈی ایس پی ریلوے ملتان نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ کی ایف آئی آر درج ہوگئی ہے،جس میں ریلوے پولیس اور دیگرمتعلقہ حکام جنہوں نے سلینڈر کا خیال نہیں رکھا، ان کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار حنیف راہی نے موقف اپنایا کہ متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کیوں درج نہیںکی گئی جس پر ریلوے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریلوے پولیس کا پورے پاکستان میں ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار ہے،پنجاب حکومت کے شعبہ پراسیکیوشن کو عبوری چالان بھی جمع کرادیا ہے۔ سانحہ میں متاثرہ ایک خاندان کے لواحقین نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ ان کے گیارہ افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے۔

پاکستان ریلوے کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کو تمام ریلیف دیں گے، صرف شناخت کر رہے ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ جب تک پوسٹ مارٹم نہیں ہوگا، موت ثابت نہیں ہوگی تو کیس چارج کس طرح ہوگا جسٹس محسن اختر کیانی نے مزید ریمارکس دیئے کہ ریلوے پولیس کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتا ،آپ اپنی تفتیش کر کے رائے دیں، اگر آپ اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ وہ حادثے میں مر گئے تو انکو ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کریں، اگر دس سال بعد وہ بندہ اٹھ کے آ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ میں زندہ ہوں تو یہ تمام لوگ پراسیکیوٹ ہونگے، جو ورثا آئے ہیں انکے بیانات لکھ لیں اور اپنی تفتیش مکمل کر لیں، جن لواحقین کو پیسے دیئے جاتے ہیں ان کا مداوا ہو جائے گا۔

دوران سماعت ریلوے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اب بہت سختی کر دی ہے، شناختی کارڈ چیک کیا جاتا ہے، ٹرین میں کیمرے لگائے جائیں گے، نائٹ وژن کیمروں سے رات کو بھی دیکھا جا سکے گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 14 اپریل تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں