وزیراعظم عمران خان کے کنسٹریکشن شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دینے اور ریلیف پیکیج فراہم کر نے پر شکرگزار ہیں‘ طاہر عباسی

جمعرات 9 اپریل 2020 18:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کنسٹریکشن شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دینے اور ریلیف پیکیج فراہم کر نے پر ان کے شکرگزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری اور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں محمد اسلم کھوکھر، یاسر جمیل، اکرام عباسی اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کنسٹرکشن سمیت تمام کاروباری ادارے بند ہو گئے ہیں، ان حالات میں یہ فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور معیشت کا پہیہ تواتر سے چلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے تحت چلنے والے تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے پرکشش ٹیکس مراعات دی گئی ہیں جس سے اس پروگرام کے تحت چلنے والے تعمیراتی منصبوں کی تکمیل کی طرف مثبت پیشرفت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سٹیل اور سیمنٹ بھی کنسٹرکشن انڈسٹری کا لازمی جزو ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جس طرح کنسٹرکشن شعبہ کی دیگر انڈسٹریز کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کر نے کا اعلان کیا گیا ہے اسی طرح سٹیل اور سیمنٹ پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے جس سے تعمیراتی منصوبوں کی لاگت کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ40 سے زائد دیگر صنعتوں کا کاروبار کنسٹریکشن انڈسٹری سے وابستہ ہے اور اس صنعت کو ریلیف دینے سے ان تمام انڈسٹریز کا کاروباربھی بہترہو گا جس سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کنسٹریکشن انڈسٹری کو فکسڈ ٹیکس کی سہولت دینے اور کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ قائم کرنے سے اس صنعت کی ترقی کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 14اپریل سے تعمیراتی صنعت کی سرگرمیاں کھولنے کا اعلان کیا ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں