علما، ماہرین تعلیم اور میڈیا پولیو سے نمٹنے کے لئے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، پارلیمانی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد

جمعہ 25 ستمبر 2020 12:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) پارلیمانی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قوم سے پولیو سے پاک پاکستان بنانے میں مدد کی اپیل کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی سکالرز ، میڈیا اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی انسداد پولیو مہموں میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر نوشین حامدنے کہا کہ علما کرام ، ماہرین تعلیم اور میڈیا کا فرض ہے کہ وہ مہلک بیماری سے نمٹنے کے لئے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں۔ والدین کو چاہیے کہ اس مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکارنہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم بار بار یہ کہتے رہے ہیں کہ اگر مہم کے دوران ایک بھی بچہ پولیو قظروں سے محروم رہ جاتا ہے تو یہ ایک خطرہ کی علامت ہے کیونکہ وائرس کی گردش برقرار رہ سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم انکار کے معاملات پر توجہ مرکوز کررہے ہیں اور تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کریںاور اپاہج کی بیماری کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے تاکہ نئی نسل کو دائمی معذوری سے بچایا جاسکے۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ جاری پولیو مہم چاروں صوبوں میں مخصوص خطرہ والے علاقوں کو ہدف بنائے گی اور ویکسین دینے والوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے حفاظتی لباس سے پوری طرح لیس کر دیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ فیلڈ ورکرز دوران پولیو مہم کووڈ۔

19سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کی جاری مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 40 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی حالیہ مہم نے گزشتہ تین دنوں کے دوران اپنے اہم ہدف کا تقریبا 86 فیصد حاصل کیا ، انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران275000 کارکنوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ہمارے فرنٹ لائن کارکنوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے انسداد پولیو ویکسینیشن کے مخالفین کے پروپیگنڈوں کو ناکام بنائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں