اسد قیصر نے اپنے منصب کے تقدس کا خیال نہیں رکھا،پیپلز پارٹی

گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی منصوبے میں حصہ لینے کے بعد مزید بے نقاب ہوگئے ہیں،عبدالقادر پٹیل ودیگر کا بیان

منگل 29 ستمبر 2020 00:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، آغا رفیع اللہ اور نوابزادہ افتخار احمد نے کہا ہے کہ اسد قیصر نے اپنے منصب کے تقدس کا خیال نہیں رکھا۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی منصوبے میں حصہ لینے کے بعد مزید بے نقاب ہوگئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران بھی ان کا کردار پی ٹی آئی کے کارکن جیسا رہا۔

پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تقریر کا موقع نہ دے کر اسد قیصر نے مراد سعید کا کردار ادا کیا ایسا لگ رہا تھا جیسے اسد قیصر میں مراد سعید کی روح گھس گئی ہو۔ قادر پٹیل، آغا رفیع اللہ اور نوابزادہ افتخاراحمد نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پری پول ریگنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان رہنماں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے منصوبہ سازوں کو یہ بات دل سے نکال دینی چاہیے کہ وہ 2018کے انتخابات کی طرح گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی جادوگری دکھائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات گلگت بلتستان کے عوام کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ وہ اس حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ووٹ سے بنی ہوئی حکومت کا جمہوری اختیار کھتے ہیں۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس کوئی قانونی، آئینی، جمہوری اور اخلاقی جواز نہیں تھا کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے کوئی اجلاس بلائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں