ای وی ایم سمیت انتخابی اصلاحات بارے آخر کار حکومت و اپوزیشن نے اسپیکر کی کاوشوں سے لچک دکھا دی

حکومت انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مشترکہ اجلاس سے پیچھے ہٹی تو اپوزیشن نے بھی بامعنی مذاکرات کی حامی بھرلی

بدھ 22 ستمبر 2021 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) ای وی ایم سمیت انتخابی اصلاحات بارے آخر کار حکومت و اپوزیشن نے اسپیکر کی کاوشوں سے لچک دکھا دی۔ ذرائع کے مطابق حکومت انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مشترکہ اجلاس سے پیچھے ہٹی تو اپوزیشن نے بھی بامعنی مذاکرات کی حامی بھرلی۔ اپوزیشن کے مسلسل دباؤ اور حکومت کے جارحانہ ردعمل پر سپیکر نے درمیانی راہ نکالتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کی تجویز دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت و اپوزیشن ارکان کی جانب سے بامعنی مذاکرات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کی تجویز پر اتفاق کیا، پارلیمانی کمیٹی بنانے کے بعد اب حکومت مشترکہ اجلاس نہیں بلائے گی، انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم سے متعلق اہم بلز حکومت مشترکہ اجلاس میں پاس کروانا چاہتی تھے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات بارے کمیٹی میں قومی اسمبلی اور سینٹ دونوں ایوانوں کے ممبران شامل ہوں گے، ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق اسپیکر تمام پارلیمانی لیڈران کو خط لکھ کر جلد کمیٹی کیلئے ممبران کے نام لیں گے، پارلیمانی کمیٹی میں انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوگی، اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی میں انتخابی اصلاحات سے متعلق اپنی تجاویز دے گی، گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے چیف وہیپس اور پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کی تھی ،سپیکر سے مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین، مرتضیٰ جاوید عباسی، پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور جے یو آئی کی شاہدہ اختر علی نے ملاقات کی ،حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود اور عامر ڈوگر مذاکرات میں شریک ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں