کوروناء وباء نے پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کی معیشتوں کیلئے غیر معمولی چیلنج کو جنم دیا ہے،شوکت ترین

ّامریکہ سمیت دنیا بھر کی حکومتیں مہنگائی جیسے مسئلے پر قابو پانے کیلئے کوششیں کررہی ہیں !تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بالعموم اور غریبوں کو بالخصوص عالمی معاشی دباؤ کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ،مشیر خزانہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے معاملے پر چیف آرگنائزر تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی اہم ملاقات اشیائے ضروریہ خصوصاً اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے تدارک کے حوالے سے اہم امور،مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کے خصوصی اقدامات پر بات چیت مقامی سطح پر سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کا تدارک مہنگائی پر قابو پانے کیلئے نہایت اہم ہے، سینیٹر سیف اللہ نیازی کی جانب سے مہنگائی کے تدارک کیلئے مشیر خزانہ کو مکمل تعاون کی پیشکش

جمعہ 3 دسمبر 2021 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کوروناء وباء نے پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کی معیشتوں کیلئے غیر معمولی چیلنج کو جنم دیا ہے،امریکہ سمیت دنیا بھر کی حکومتیں مہنگائی جیسے مسئلے پر قابو پانے کیلئے کوششیں کررہی ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بالعموم اور غریبوں کو بالخصوص عالمی معاشی دباؤ کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے معاملے پر چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے اہم ملاقات کی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری گڈ گورننس شاہد یوسف بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران اشیائے ضروریہ خصوصاً اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے تدارک کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے وفاقی حکومت کے خصوصی اقدامات پر بھی مفصل بات چیت کی گئی ۔ چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے مہنگائی کے تدارک کیلئے مشیر خزانہ کو مکمل تعاون کی پیشکش کی گئی ۔ اس موقع پر مشیر خزانہ نے مزید کہا وزیر اعظم احساس کے تحت کروڑوں گھرانوں کو مارکیٹ سے کم قیمت پر اشیائے خورونوش فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز کرچکے ہیں۔

سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا پاکستان تحریک انصاف بطور جماعت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مشیر خزانہ اور انکی ٹیم کی مکمل معاونت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاتحریک انصاف مرکزی سیکر ٹری گڈ گورننس شاہد یوسف کی سربراہی میں ملک بھر میں نچلی ترین سطح تک گڈ گورننس کی ٹیمیں قائم کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا اہلیت اور ضروری تجربے کے حامل کارکنان کو ان ٹیموں کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا مقامی سطح پر سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کا تدارک مہنگائی پر قابو پانے کیلئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا قانون کے دائرہ کار میں طے شدہ طریقہ کار کے تحت مشیر خزانہ اور انکی ٹیم کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ مشیر خزانہ کی جانب سے معاونت کی پیشکش پر چیف آرگنائزرنے پاکستان تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں