پارلیمنٹ کا استحکام چاہتے ہیں ،گندم کے کاشتکاروں کوا کیلا نہیں چھوڑیں گے، اسد قیصر

پیر 29 اپریل 2024 20:46

پارلیمنٹ  کا استحکام  چاہتے ہیں ،گندم کے کاشتکاروں کوا کیلا نہیں چھوڑیں گے، اسد قیصر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اور سابق سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ جلسے جلوس کر کے عوام تک اپنا موقف پہنچانا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، جس سے ہمیں محروم نہ کیا جائے، پنجاب کے گندم کے کاشتکاروں کے مسائل پر ایوان میں بحث کرائی جائے، ہم گندم کے کاشتکاروں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اسد قیصر نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان سمیت ہمارے رہنمائوں کیخلاف اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں، ہمارے رہنما ایک پرامن احتجاج کر رہے تھے، انہوں نے کہاکہ ہم جلسہ کر کے عوام تک اپنا موقف پہنچانا چاہتے ہیں، ہم اس ملک کے شہری ہیں اور آئین اور قانون کے تحت ہمیں یہ حق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ہم کراچی اور لاہور سمیت ہر جگہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر عدالتی کمیشن قائم کر کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں، ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو، طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتے ہیں، ملک میں آئین، بالادست اور قانون کی حکمرانی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام تر تحفظات کے باوجود ایوان کو چلانا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے گندم کے کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے ایوان میں پورا ایک دن یا دو دن بحث کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گندم کے کاشتکاروں کوا کیلا نہیں چھوڑیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ میں نے کاشتکاروں کے حوالے سے رانا تنویر حسین کو ٹیلیفون بھی کیا تھا وہ پاسکو کے حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے آئیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں