چیئرمین ہلال احمر کی یواین ریذیڈنٹ کو آرڈینیٹر سے ملاقات

محترم محمد یحیٰ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال

پیر 29 اپریل 2024 22:47

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے صومالیہ سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے پاکستان میں نو تعینات ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محترم محمد یحیٰ سے ملاقات میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ انسانیت کی خدمت کو نئی جہت عطا کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے تعاون کافروغ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان قدرتی آفات و سانحات کے علاوہ امن کے دنوں میں انسانیت کی خدمت کو یقینی بناتا ہے۔ملاقات میں ہلال احمر پاکستان کی جاری سرگرمیوں،اقوام متحدہ کی جانب سے رہنمائی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں UN OCHAکے پاکستان میں سربراہ کارلوس گیئا اور سیکر ٹری جنرل ہلال احمر عبید اللہ خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوں نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے 28 کے قریب ذیلی اداروں سے روابط استوار کرنے،باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے انٹرنیشنل فیڈریشن،انٹرنیشنل کمیٹی،جرمن ریڈ کراس،نار کراس،ترکیہ ریڈ کریسنٹ سمیت دیگر موومنٹ پارٹنرز کی جانب سے تعاون بابت بھی بتایا۔محمد یحیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے آپ کی قیادت میں انسانیت کی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔

ہلال احمر پاکستان کی سیلاب زدہ علاقوں میں لاکھوں متاثرہ گھرانوں کے لئے امدادی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں۔ محترم محمد یحیٰ نے اس امر کا اظہار کیا کہ ہمارا فوکس کم صلاحیتوں کی حامل آبادیوں کو قدرتی آفات و سانحات سے نبرد آزمائ ہونے کے قابل بنا ناہے اورانہیں اہلیت دینی ہے تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی بہتر طریقوں سے مقابلہ کر سکیں۔

اس ضمن میں ہنگامی صورتحال میں پیشگی تیاری کے حوالے سے مشترکہ اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔سرچ اینڈ ریسکیو سے متعلق تجربات اور مشاہدات کی شئیرنگ اور وسائل تک رسائی کو موثر بنایا جائے گا۔محمد یحیٰ نے اس بات کی یقین دھانی کرائی کہ بحیثت ہیومینٹیئرین کو آرڈینیٹرہلال احمر پاکستان کو بھر پور سپورٹ کیا جائے گا۔دونوں رہنماوں نے انسانیت کی فلاح،متاثرہ آبادیوں میں سروسز کی فراہمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے جلد ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے کا بھی کہا۔

سردار شاہد احمد لغاری نے اقوام متحدہ کے پاکستان میں نو تعینات ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ کوہلال احمر پاکستان کی یادگاری شیلڈ اور ریڈ کریسنٹ بک بھی پیش کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں