مزدور معاشرے کے تمام طبقات کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، انجینئر امیر مقام

بدھ 1 مئی 2024 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور ریاستیں و سرحدی علاقہ جات (سیفران) انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مزدور نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے تمام متعلقہ طبقات کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے محنت کش طبقے کو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لیبر فورس ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال مزدور طبقہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال قوم کی صورت میں نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دہانی ہے بلکہ معاشی ترقی میں ان کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور لوگوں کے حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ محنت کش طبقے کا کردار ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں