محکمہ زراعت کی کورے سے بچائو کیلئے سفارشات جاری

پیر 12 دسمبر 2022 16:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2022ء) محکمہ زراعت نے سبزیوں و باغات کو کورے سے بچانے کیلئے سفارشات جاری کردی ہیں۔ ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ زیادہ سردی کے باعث پودوں کے تنوں،شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر جاتے ہیں اس لیے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کیلئے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کو کورے کی وجہ سے جھلسنے کا خطرہ ہوتا ہے اسلئے باغبان پودوں کو فوری طور پر ڈھانپ دیں جبکہ ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں لہٰذاایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریا ں اتار دیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں ، باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور باغات میں پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں، چھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنیوالی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہو سکتی ہیں اسلئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ اندر سے بند کریں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کیلئے موزوں رہے اور دن میں 10بجے ٹنل کا منہ کھول دیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں