جیکب آباد،جے یو آئی کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، پینے کے پانی، ڈرینج ،بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بنیادی مسائل کے متعلق تحریری طور پر شکایات درج کرادی گئیں

بدھ 16 اگست 2017 22:35

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اگست2017ء) جے یو آئی کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، پینے کے پانی، ڈرینج ،بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بنیادی مسائل کے متعلق تحریری طور پر شکایات درج کرادی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ضلع جیکب آباد کا ایک وفد ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، تعلقہ صدر مولانا عبدالجبار رند، حاجی محمد عباس بلوچ، جے ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری حماد اللہ انصاری ،تاج محمود امروٹی، محمد موسیٰ مہر، محمد ابراہیم برڑوکی قیادت میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد نعیم سندھو سے ملاقات کی، ملاقات میں جے یو آئی کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر شہر کے مسائل سے آگاہ کیا، وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ جیکب آباد میں پینے کے پانی میں70فیصد آرسنک شامل ہے جس کے استعمال سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں، ڈیڑھ ارب سے زائد کی مالیت سے میگا واٹر سپلائی اسکیم بنائی گئی مگر وہ کرپشن اور عدم توجہ کی وجہ سے تباہ ہوچکی ہے اور شہری پینے کے میٹھے اور صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی اسکیم کو چلانے کے لیے واٹر مینجمنٹ بورڈ تشکیل دیا جائے تو اسکیم عوام کے لیے سودمند ثابت ہوسکتی ہے، وفد نے بتایا کہ ڈرینج سسٹم کے ناکارہ ہونے کے باعث شہر کے محلے اور گلیاں گندے پانی کی زد میں رہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہری بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث سخت اذیت میں مبتلا ہیں ،ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی وجہ سے تعمیر ہونے والی سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں ،سول اسپتال اور جمس میں مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،جے یو آئی کے وفد نے شہر کے دیگر بنیادی مسائل کے متعلق بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پی پی ایچ آئی کے تعاون سے کم نرخوں میںجلد سول اسپتال میں یرقان کی ٹیسٹ سمیت دیگر 190ٹیسٹوں کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں