سندھ میں ہونے والی مردم شماری پر تمام جماعتوں کو تحفظات ہیں ،اسد اللہ بھٹو

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:48

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ میں ہونے والی مردم شماری پر تمام جماعتوں کو تحفظات ہیں ،سندھ حکومت ’’مردم شماری‘‘ کے بجائے ’’شرجیل‘‘ کے معاملے پر زیادہ دلچسپی لے رہی ہے، صاف شفاف مردم شماری نہیں کی گئی تو نتائج کو قبول نہیں کریں گے، کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، سندھ کے ہاریوں سے گندم کی خریداری کے لیے مراکز قائم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیر مولانا عبدالحفیظ بجارانی،جنرل سیکریٹری دیدار لاشاری، شہر کے امیر انجینئر اعجاز میمن، غلام حیدر پیرذادہ بھی موجود تھے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ میں مردم شماری کے انتظامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں سندھ حکومت بھی مردم شماری کے معاملے پر سنجیدہ نہیں وزیر اعلیٰ سندھ سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت صرف بیان دیکر اپنی جان چھوڑا رہی ہے مردم شماری کو شفاف بنانے کے لیے ضلع سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں اور ان کمیٹیوں میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو مردم شماری میں اتنی دلچسپی نہیں جتنی وہ شرجیل میمن کو بچانے دلچسپی دکھا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف مردم شماری کرانے میں کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ حکمران ناموس رسالت کے قانون پر عمل کرانے میں سنجیدہ نہیں ہائی کورٹ اسلام آباد کے فیصلے کے باوجود اب تک سوشل میڈیا میں گستاخانہ مواد رکھنے والے بلاگرز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی حکمران ناموس رسالت کے قانون پر نااہلی کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ناموس رسالت کو نصاب میں شامل کیا جائے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے اس لیے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا ہاں البتہ اتنا کہہ سکتے ہیں کہ پوری قوم عدالتی فیصلے کی منتظر ہے ،اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھاکہ سندھ میں گندم کی خریداری کے لیے سینٹرز قائم کئے جائیں آبادگاروں اور ہاریوں کو مستحکم کرنے کے لیے شفاف طریقے سے گندم کی خریداری کی جائے، انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے کرپشن کو ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا کرپشن کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان مہم چلا رہی ہے اور اب عوام میں شعور آچکا ہے ہر فورم پر کرپشن کے خلاف آواز بلند ہورہی ہے انشا اللہ جلد کرپٹ عناصر کا گھیرا تنگ کیا جائے گا اور ملک کو کرپشن سے پاک کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو مذہب سے جوڑنا سراسر ذیادتی ہے دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں دہشت گرد صرف دہشت گرد ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے ، ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے 10اپریل کولعل شہبازقلندر کی سرزمین سہیون میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء ،ہندو ،سکھ اور عیسائی برادری بھی شرکت کریں گی اور اس کانفرنس میں امن کے قیام کے لیے عہد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں