ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا

ٹرانسفامر جلنے کے واقعات، قلت آب کا بھی بحران سر اٹھانے لگا شہریوں کو موسم گرما بغیر بجلی اور پانی بلک بلک کر گزارنا پڑیگا

منگل 15 مارچ 2022 23:58

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2022ء) ڈیرہ اللہ یار میں موسم گرما کا آغاز ہوتے ہیں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفامر جلنے کے واقعات رونما ہونے کے ساتھ قلت آب کا بھی بحران سر اٹھانے لگا ہے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی شہریوں کو موسم گرما بغیر بجلی اور پانی کے بلک بلک کر گزارنا پڑیگا رپورٹ کے مطابق جعفرآباد کا شمار ایشیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے موسم گرما کے دوران یہاں درجہ حرارت 52سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے ملک بھر میں جہاں موسم بہار کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں ہر طرف مختلف رنگوں کے خوبصورت پھول کھل رہے ہیں وہاں ڈیرہ اللہ یار کے عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قلت آبی کا شکار ہو کر بلکنے لگے ہیں مارچ مہینے میں ہی درجہ حرارت 42سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے سورج نے طلوع ہوتے ہی آنکھیں دکھانا شروع کی ہیں گرمی کا آغاز ہوتے ہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے کو ملا قومی شاہراہ کے کمرشل ایریاز سمیت گنجان آبادی کے محلوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا دن اور رات کے اوقات کار میں محض 6گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں قلت آب کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے مختلف محلوں سے قلت آبی کی شکایتیں آنے لگی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کے ساتھ پانی کی سپلائی بھی بند ہوگئی ہے جسکے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کرکے قلت آب پر قابو پایا جائے بصورت دیگر شدید گرمی میں شہریوں کا جینا محال ہو جائیگا۔

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں