کرپشن کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، نواب عبدالغنی تالپر

بدھ 11 اکتوبر 2006 15:46

کوٹری (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11اکتوبر2006) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب عبدالغنی تالپر نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ سرکاری اداروں میں کمیشن مافیا کے باعث اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے اور قومی سرمایہ بھی ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کے باعث پاکستان کے منافع بخش ادارے تباہ حال ہوگئے ہیں۔

جس کا خمیازہ غریب مزدوروں کو برطرفی کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے۔ حکمرانوں نے کالی بھیڑوں کا احتساب کرنے کے بجائے ان قومی اداروں پرائیویٹائز کرکے لاکھوں خاندانوں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیلا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں ملازمین اور پنشنرز تک کو اپنی تنخواہوں کی وصولی کے لئے افسران کو رشوت دینا پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

رشوت پاکستان میں کینسر کی طرح پھیل چکی ہے۔ جس کا خاتمہ حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں صورتحال سب سے زیادہ سنگین ہے۔ جہاں افسران نے ہر ترقیاتی منصوبے پر 30 سے 40 فیصد تک کمیشن مقرر کیا ہوا ہے جبکہ اہل پوسٹوں پر نان گریٹیڈ افسران کا سیاسی بنیادوں پر تقرر کیا گیا ہے جبکہ گریٹیڈ افسران کو بٹھادیا گیا ہے نواب غنی تالپر نے صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے قومی جہاد کا اعلان کیا جائے۔

جس کا نوتشکیل شدہ ضلع جام شورو سے آغاز ہونا چاہیئے تاکہ نئے ضلع جام شورو کو سندھ کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں ایک مثالی ضلع بناکر پیش کیا جائے۔ ضلع جام شورو کے ناظم ملک اسد سکندر بھی اپنے ڈسٹرکٹ سے کرپشن اور رشوت جیسی برائیوں کے خاتمے کی خواہش رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں