زیرحراست ملزمان کے میڈیا انٹرویو پرپابندی عائد کردی گئی، دو افسران کو شوکاز نوٹس جاری

جمعہ 1 مارچ 2024 21:31

زیرحراست ملزمان کے میڈیا انٹرویو پرپابندی عائد کردی گئی، دو افسران کو شوکاز نوٹس جاری
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2024ء) زیر حراست ملزمان کے میڈیا انٹریو کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے پولیس افسران کو زیرحراست ملزمان کے انٹرویو کروانے سے روک دیا، سی پی او کی جانب سے جاری ہونیوالے احکامات میں ایس پیز’ایس پی سی آئی اے’ڈی ایس پیز’ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشن کو کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے ملنے والی ہدایت کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی پولیس افسر’اہلکار کسی بھی شخص /یوٹیوبر یا صحافی کو کسی بھی زیرحراست ملزم کے انٹرویو کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی سہولت فراہم کرے گا۔

اگر کوئی شخص یوٹیوبر یا صحافی اس ضمن میں قانون کی خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف PECA ACT2016 کے تحت فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اپنے تھانوں کے ایس ایچ او اور محرران کو پابند کریں کہ وہ ہدایت پر سختی سے عملدرآمد کریں اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار نے خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان سی پی او شاہد ملک نے اے پی پی کو بتایا لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس حوالے سے انٹرویو کروانے والے 2 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرکے جواب طلبی بھی کی گئی ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں