چیئر مین بلدیہ جھنگ نے سرکاری محکمہ جات میں غیر قانونی طور پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے درجنوں سینٹری ورکرز کو واپس طلب کر لیا

جمعرات 5 جنوری 2017 15:09

فیصل آباد/جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء)چیئر مین بلدیہ جھنگ شیخ نواز اکرم نے دیرینہ عوامی مطالبہ پر شاندار اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالتے ہی موجودہ و سابق ارکان اسمبلی ، اہم بااثر شخصیات ، کونسلرز ، سرکاری افسران ، سرکاری محکمہ جات میں غیر قانونی طور پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے درجنوں سینٹری ورکرز کو اصل ڈیوٹیوں پر واپس طلب کر لیا ہے جبکہ 30 کے قریب وائٹ کالر غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس سے جھنگ میں بد ترین صورتحال کا شکار صفائی کے عمل میں خاصی بہتری آئی ہے۔

میونسپل کمیٹی جھنگ کے ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ ادوار میں جھنگ کے 2ارکان اسمبلی کے گھروں پر بالترتیب 9اور 11سینٹری ورکرز کی غیر قانونی تعیناتی سمیت درجنوں دیگر اہم سیاسی و انتظامی شخصیات ، سابق چیئر مین بلدیہ ،بعض کونسلرز ، چند سرکاری افسران کی رہائش گاہوں سمیت کچھ سرکاری دفاتر میں بھی بلدیہ جھنگ کے عملہ صفائی سے تعلق رکھنے والے مذکورہ سینٹری ورکرز کی سراسر ناجائز و غیر قانونی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں جہاں یہ سینٹری ورکرز وائٹ کالر بابو بن کر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے اور اس کے بدلے تنخواہ میونسپل کمیٹی جھنگ کی سینٹری برانچ سے حاصل کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح جہاں شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا تھا وہیں میونسپل کمیٹی جھنگ (سابقہ ٹی ایم اے جھنگ) کے قومی خزانہ پر بھی سالانہ لاکھوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جا رہا تھا۔علاوہ ازیں درجنوں وائٹ کالر بابو نما سینٹری ورکرز اپنی اصل پیشہ وارانہ صفائی کی ڈیوٹیوں کی سرانجام دہی کی بجائے ہر وقت پرائیویٹ بزنس کر تے نظر آتے تھے لیکن شیخ محمد نواز اکرم نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالتے ہی نہ صرف خود سینٹری ورکرز کی حاضری چیک کرنا شروع کی بلکہ غیر متعلقہ مقامات پر تعینات 57سینٹری ورکرز کو واپس بلدیہ حاضر ہونے کا حکم دے دیا۔

اسی طرح 30غیر حاضر ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میونسپل کمیٹی جھنگ میں عملہ صفائی کے ارکان کی تعداد 425سے زائد ہے لیکن ان میں سے 150کے قریب وائٹ کالر بابوئوں کے بارے میں یہ شکائت عام تھی کہ وہ ڈیوٹی دیئے بغیر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں تاہم اب ان کی عیاشیاں ختم ہو گئی ہیں اور انہیں دوبارہ ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔

میونسپل کمیٹی جھنگ کے چیئر مین شیخ نواز اکرم نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ اب بلدیہ جھنگ کا کوئی سینٹری ورکر ارکان اسمبلی ، منتخب عوامی نمائندوں ، سرکاری افسران کے گھروں ، ڈیروں ، دفاتر سمیت غیر متعلقہ دفاتر میں ڈیوٹی نہیں دے گا۔انہوںنے کہا کہ اب مفت کی روٹیاں توڑنے والے ملازمین کی بلدیہ میں کوئی جگہ نہیں اس لئے جو اہلکار ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہو گا اسے ملازمت پر نہیں رہنے دیا جائے گا۔انہو ںنے کہا کہ جھنگ میں صفائی کا ابتر نظام بہتر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوںنے کہا کہ آئندہ چند روز میں شہری صفائی کے حوالے سے واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی مسئلہ یا شکائت کی صورت میں انہیں فوری آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں