دوست کی بیوہ سے شادی کی خواہش،ملزم نے خاتون کو زندہ جلا ڈالا

پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو دھر لیا،افسوسناک واقعہ جھنگ میں پیش آیا

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 5 جولائی 2022 17:18

دوست کی بیوہ سے شادی کی خواہش،ملزم نے خاتون کو زندہ جلا ڈالا
جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) دوست کی بیوہ سے شادی کی خواہش رکھنے والے شخص نے انکار پراسے زندہ جلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ جھنگ شہر میں پیش آیا جہاں شادی کے خواہش مند شخص نے مبینہ طور پر نصرت بی بی کے انکار پراسے زندہ جلا دیا ہے۔ جھنگ کی غوثیہ کالونی میں عمران سعید نامی شخص نے دوست کی بیوہ نصرت بی بی کو جلایا۔

خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ نصرت بی بی کی بیٹی نے والدہ کو بچانے کی کوشش کی جس سے وہ بھی جھلس کر زخمی ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا شوہر تین سال قبل انتقال کرچکا ہے،اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعہ سے متعلق شواہد اکٹھے کئے، بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے پہلے لاہور کے نواحی گاؤں وطنہ میں گھریلو چپقلش پر سالے نے فائرنگ کرکے بہنوئی کو موت کی نیند سلا یا، شاہدرہ میں ہیڈ کانسٹیبل مظہر کا سالہ گھریلو جھگڑے پر طیش میں آگیا،ملزم نے بہنوئی پر گولیاں برسا دیں،اورفائرنگ کرکے بہنوئی کوہی قتل کردیا۔بتایا گیا کہ واقعہ میں گولیاں لگنے سے مظہر کا 60 سالہ والد شوکت بھی زخمی ہوا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش کو مردہ خانے منتقل کردیا جبکہ زخمی شوکت کو اسپتال منتقل کردیا ہے،پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ۔خیال رہے کہ گزشتہ روزلاہور میں ہی کرپٹو کرنسی خریدنے کیلئے نجی یونیورسٹی کے پروفیسر کو قتل کردیا گیا۔پروفیسرڈاکٹر سلمان شوکت کی لاش 9 مئی کو نشتر کالونی کے علاقے میں نالے کے قریب سے ملی تھی۔ مقتول کے موبائل کالز کے ریکارڈ کو چیک کیا گیا تو انکشاف ہوا ان کا قتل کرپٹو کرنسی خریدنے کیلئے تین نوجوانوں نے کیا جن میں سے ایک مقتول کا کاروباری شراکت داربھی ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں