کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کر ایا جائے‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

اتوار 30 جولائی 2017 23:00

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کر ایا جائے اور حکومت کی طرف سے زرعی شعبوں کے فوائد براہ راست ان تک پہنچائیں ۔یہ ہدایات انہوںنے ڈپٹی کمشنر کے کمیٹی روم میں منعقدہ ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں محکمہ زراعت ، محکمہ انہار،لائیو سٹاک،فیسکو،واٹر مینجمنٹ ،سیڈ کارپوریشن بنکوں کے افسران ، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ کسانوں اور کاشتکاروں کے نمائندوںنے شرکت کی۔

اجلاس میں فصل ربیع و خریف کے کاشت کے ٹارگٹ کا جائزہ، بیجوں اور کھاد کی فراہمی میں درپیش مسائل،گنے کے کاشتکاروں کی واجب الادا رقوم،نہری پانی کی فراہمی ، زرعی قرضہ جات کے حصول میں مشکلات ،حیوانات کے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، پانی کے کھالوں کو پختہ کرنے اور لوڈ شیڈنگ کے شیڈول،شجر کاری ،تجزیہ زمین و پانی کے علاوہ دیگر زراعت سے متعلقہ دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان نے کسانوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء ، لوڈشیڈنگ شیڈول ، حیوانات کیلئے جاری ویکسی نیشن،بنکوں سے قرضہ جات کی وصولی اور مختلف فصلات کی کاشت کے حوالہ سے درپیش مسائل ، بغیر لائسنس زرعی ادویات کی فروخت اور دیگر مسائل بارے فرداً فرداًمعلومات حاصل کیں ۔انہوںنے محکمہ زراعت کے افسران کوتاکید کی کہ وہ آئندہ کاشتکاروں اور کسانوں کی رہنمائی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بھرپور آگاہی دیں۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں