سا ئو تھ افریقہ میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹ زائد المیعاد ہو نے کے باعث شدید مشکلات کا شکار

ایمبیسی نے بھی جھنڈی دکھادی، ایکسپائر پاسپورٹس کی پاکستان واپس جاکر تجدید کروانے کی ہدایت، واپسی کی صورت میں پاکستانی اداروں کی جانب سے گرفتاریوں کا خدشہ

منگل 29 اگست 2017 17:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اگست2017ء) سا ئو تھ افریقہ میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانی اپنے پاسپورٹ زائد المیعاد ہو نے کے باعث شدید مشکل و پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں مگربسلسلہ روزگار مختلف ممالک سے سا ئو تھ افریقہ پہنچنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانہ نے بھی جھنڈی دکھادی ہے اور ایکسپائر پاسپورٹس کی پاکستان واپس جاکر تجدید کروانے کی ہدایت کی ہے لیکن زائد المیعاد پاسپورٹس کے ساتھ واپسی کی صورت میں پاکستانی اداروں کی جانب سے انکی گرفتاریوں کا خدشہ ہے جس پردیار غیر میں دن رات محنت مزدوری کرکے ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے والوں کو ذلیل و خوار ہو نے سے بچانے کیلئے سائوتھ افریقہ میں ہی انکے پاسپورٹس کی تجدید کی سہولت فراہم کرنیکا مطالبہ کیا گیا ہے اور صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خارجہ خواجہ محمد ۱ٓصف، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت دیگر ارباب اختیار کے نام اپنی اپیل میں کہا ہے کہ سائوتھ افریقہ میں پاسپورٹس ایکسپائر ہو نے کے باعث پھنس جانیوالے پاکستانی عید الا ضحی بھی اپنے بیوی بچوں، والدین، اہل خانہ کا ساتھ نہیں مناسکیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان سائوتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ مذکورہ پاکستانی کئی کئی سالوں سے بسلسلہ روزگار مختلف ممالک میں مقیم تھے جو روزگار کے حصول کیلئے گھومتے گھماتے سائوتھ افریقہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ سائوتھ افریقہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جو پاکستانی براہ راست پاکستان سے سائوتھ افریقہ ۱ٓئے ہیں صرف انہیں ہی پاسپورٹس کی تجدید کی سہولت فراہم کی جائیگی اور جو پاکستانی دیگر ممالک سے جمپ کرکے یا کسی بھی دیگر ذریعہ سے وہاں پہنچے ہیں انکے پاسپورٹس کی تجدید نہیں کی جائیگی اس لئے وہ پاکستان واپس جاکر اپنے پاسپورٹ رینیو کر وائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ سائوتھ افریقہ میں موجود پاکستانیوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں قائم سفارتخانے اس ملک کے شہریوں کے مسائل کے حل اور انکی مشکلات کم کرکے انہیں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بنا ئے گئے ہیں مگر وہاں مو جو د عملہ سمندر پار پاکستانیوں سے انتہائی ناروا سلوک کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے اور سائوتھ افریقہ میں قائم پاکستانی سفارتخانہ کو مشکل کا شکار افراد پر بلا جواز بیجا پا بندیاں عائد کرنے سے روکتے ہوئے خوش اسلوبی و خوش اخلاقی سے انکے مسائل حل کرنیکی تلقین کی جائے۔انہوں نے توقع ظاہر کی متعلقہ حکام پاسپورٹس ایکسپائر ہونے پر ذہنی پریشانی اور شدید مشکل کا شکار پاکستانیوں کی مدد کریں تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے پاس واپس ۱ٓسکیں۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں