جھنگ،وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے مرحلے کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم

منگل 20 فروری 2018 22:14

جھنگ۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے مرحلے کے تحت ذہین اور ہونہار طلباء وطالبات میں مجموعی طورپر1462لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزراء اوقاف ومذہبی امور سید ضعیم حسین قادری اور خوراک بلال یاسین اس موقع پر مہمانان خصوصی تھے ۔

ڈپٹی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈپپارٹمنٹ خالد بشیر،ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان ، چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال، چیئر مین بلدیہ شیخ محمد نواز اکرم ،پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ملا خان حیدری، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شریف خان بلوچ،دیگر انتظامی افسران، کالجز کے سربراہان ، اساتذہ کرام ، والدین اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنرز پیش کیا ۔ڈپٹی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈپپارٹمنٹ خالد بشیر نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طالب علم،ان کے اساتذہ اوروالدین کومبارکباد دی اور کہا کہ ذہین ومحنتی طالب علموں کو قابلیت کے اعتراف میں جدید ومعیاری آئی سیون لیپ ٹاپ کی تقسیم وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا سنہری کارنامہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں علم و تحقیق کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت انڈر گریجوایٹ ڈگری کو کالجز کی سطح پر لایا جائے گا ۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے مبارکبادی اور ٹیلنٹ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ خادم پنجاب کی لیپ ٹاپ سکیم طلباء کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سی7ارب روپے کی خطیر رقم سے اب تک ایک لاکھ15ہزارلیپ ٹاپ شفاف اندازمیں خالصتاً میرٹ کے مطابق دئیے گئے ہیں جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخ ساز اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ جھنگ کے طالب علم بھرپور ٹیلنٹ سے مالا مال ہیں وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں علوم وفنون کے حصول میں صرف کردیں کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ امتحانی عمل میں بوٹی مافیا کاخاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کااعزاز ہے جس سے شفاف امتحان کی بدولت حقیقی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے ۔انہوں نے دیگر انقلابی تعلیمی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2،ارب روپے سے شروع کیا گیا پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا حجم اب ساڑھے 21،ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے عدم وسائل یافتہ محنتی ساڑھے تین لاکھ طالب علم استفادہ کرچکے ہیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹرز وانجینئراوردیگر اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید ضعیم حسین قادری نے کہا کہ نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ضرورت ان کی درست سمت رہنمائی اور انہیں پلٹ فارم فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں 14ہزارمیگا واٹ بجلی پیداکرکے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جبکہ دہشتگردی کی جنگ میں واضح کامیابی وہ اقدامات ہیں جن سے پاکستان کی ترقی حقیت کا روپ دھار چکی ہے لیکن دھرنا سیاست والوں نے سی پیک منصوبے پر عملدرآمد میں ایک سال رکاوٹ ڈالی جن کاہم سب مل کر احتساب کرینگے ۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ ذہانت کے لحاظ سے پاکستانی طالب علم پوری دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیںلیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیںترقی کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ ترقی کی منازل کی طرف قدم بڑھائیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پہلے مرحلوں میں 20،ارب روپے سے 3لاکھ 10ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاچکے ہیں جن میں پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 10ہزار،دوسرے مرحلے اورتیسرے مرحلے میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور چوتھے مرحلے میں 7،ارب روپے کے فنڈز سے ایک لاکھ 15ہزارلیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں جن میں میرٹ پالیسی اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ۔

طلباء وطالبات کی نمائندگی کرتے ہوئے چناب کالج جھنگ کے زرویش خان سیال اور مقدس فاطمہ نے لیپ ٹاپ سکیم کو وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا اہم کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ محمدشہبازشریف جیسے تعلیم دوست لیڈر کی مثال نہیں ملتی ۔ دریں اثناء مختلف کالجز کے طالب علموں نے اردو وانگریزی تقاریر اوردیگر ملی نغمے گائے۔بعد ازاںمہمانان خصوصی صوبائی وزراء اوقاف ومذہبی امور سید ضعیم حسین قادری اور خوراک بلال یاسین نی1462 طلباو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں