جھنگ ، بدمعاش معلم نے قلم چلانے کی بجائے ہاتھ چلانے شروع کر دئیے، خاتون پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی

جمعرات 1 نومبر 2018 18:50

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) بدمعاش معلم نے قلم چلانے کی بجائے ہاتھ چلانے شروع کر دئیے۔ خاتون پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول رجانہ میں عابدہ نامی خاتون ٹیچر نے سی ای او ایجوکیشن اور ڈی پی او جھنگ کو تحریری درخواست گزاری ہے کہ شوکت حیات نامی ہیڈ ٹیچر نے اس پر سکول میں اس وقت تشدد کیا جب وہ بچوں کو پڑھا رہی تھی ملزم نے اسے شدید زدوکوب کیا اور تھپڑوں اور مکوں سے مارا جبکہ بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتا بھی رہا۔

(جاری ہے)

وجہ عناد یہ بتائی جاتی ہے کہ ملزم شوکت حیات برے کردار کا حامل ہے اور اکثر خواتین سٹاف کو ہراساں و پریشان کرتا رہتا ہے اور نازیبا الفاظ استعمال کرتا ہے۔ جس پر عابدہ نے بارہا بار اسے منع کیا لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا۔ اوراسے سبق سیکھانے کیلئے بے جا تشدد کیا جس پر میڈیکل بھی بنوایا گیا۔ اس معاملہ پر مقامی پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی اور سی ای او ایجوکیشن کی طرف سے بھی اس بارے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقدمہ درج کرتے ہوئے فوراً گرفتار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں