پی پی27 جہلم: مسلم لیگ ن بھاری ووٹوں سے کامیاب

پی ٹی آئی نے جنرل الیکشن میں جیتی ہوئی نشست کھو دی، ن لیگی امیدوارناصرمحمود61 ہزار542 ووٹوں سے کامیاب، جبکہ پی ٹی آئی کے راجہ شاہ نواز ہار گئے، غیرسرکاری غیرحتمی نتائج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 01:00

پی پی27 جہلم: مسلم لیگ ن بھاری ووٹوں سے کامیاب
جہلم (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) ملک بھر میں ضمنی انتخابات 2018ء میں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، انتخابی حلقہ پی پی27 جہلم کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج سامنے آگئے ہیں، جس میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابی حلقے پی پی27 جہلم سے ن لیگ کے ناصرمحمود61 ہزار542 ووٹ لیکرکامیاب ہوگئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے راجہ شاہ نواز60 ہزار886 ووٹ لیکردوسرے نمبرپر رہے۔

پی پی 27 سے پی ٹی آئی رہنماء وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری جنرل الیکشن میں انتخاب جیتے تھے تاہم فواد چودھری کی خالی کردہ نشست تحریک انصاف نے کھو دی ہے اور ن لیگ اس نشست کو جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔

قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔

الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں