ایف پی سی سی آئی میں بلاک چین اینڈ ڈیجیٹل بزنس کی نئی قائمہ کمیٹی کا قیام، ریحان انصاری پہلے چیئرمین مقرر

پیر 15 اکتوبر 2018 20:25

ایف پی سی سی آئی میں بلاک چین اینڈ ڈیجیٹل بزنس کی نئی قائمہ کمیٹی کا قیام، ریحان انصاری پہلے چیئرمین مقرر
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ باڈی وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ماتحت بلاک چین ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹل بزنس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے ریحان انصاری کو پہلی مرتبہ قائم کردہ نئی اسٹینڈنگ کمیٹی کا پہلا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

ریحان انصاری ڈیجیٹل بزنس گیٹ وے پاکستان کے سی ای او ہیںاور وہ بلاک چین ٹیکنالوجی اور اس سے وابستہ صنعت کو درپیش چیلنجز اور اس سے وابستہ صارفین کے مسائل سے بخوبی واقفیت رکھتے ہیں۔ ریحان انصاری کی ایف پی سی سی آئی میں ڈیجیٹل بزنس کی نئی تخلیق کی جانے والی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی کو ڈیجیٹل کرنسی پاکستان ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمال اظہر اور ملک کے دیگر تجارتی حلقوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریشن کی قائمہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل بزنس کے چیئرمین ریحان انصاری نے کہا کہ ہم ملک کی اعلیٰ ترین ٹریڈ باڈی کے پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل بزنس کرنے والے سادہ لوح عوام سے فراڈ کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہماری قائمہ کمیٹی ملک گیر سطح پر اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی بھی ڈیجیٹل کرنسی کمپنی کی جانب سے جعلی انعامی اسکیم یا راتوں رات غیر قانونی طریقے سے امیر بننے والی تشہیری مہم کو فوری طور پر روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور فیڈریشن کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ڈیجیٹل بزنس انٹیلی جنس کا ایک سسٹم متعارف کروائے گی جس کے تحت انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹ کے ذریعے غیرقانونی /مصنوعی طریقے سے ڈیجیٹل کرنسی کے کاروبار میں سرگرم عمل اداروں اور عناصر کی باریک بینی سے نشاندہی کے بعد سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لانے کے لئے انفورسمنٹ ایجنسیز سے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قائمہ کمیٹی ڈی سی اے پاکستان اور اس انڈسٹری سے متعلقہ مقامی و بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے اس شعبے میں قانون سازی کے لئے ایک باقاعدہ مستند لیگل فریم ورک تیار کرے گی بعدازاں یہ لیگل فریم ورک متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد پارلیمنٹ میں باقاعدہ بل کی صورت میں پیش کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر 600 ارب ڈالر سے زائد مارکیٹ Capitalization رکھنے والی اس انڈسٹری کے ثمرات سے پاکستانی عوام اور اس کی معیشت کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

دریں اثناء ریحان انصاری نے فیڈریشن میں انتہائی اہم نوعیت کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے قیام اور پہلے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی تقرری پر ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور اور سینئر نائب صدر مظہر علی ناصر و دیگر عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا ا ظہار کیا ہے کہ فیڈریشن کے اس اقدام سے ڈیجیٹل بزنس کی صنعت ایک نئے دور میں داخل ہوگی اور بہت جلد ملک کے معاشی استحکام میں قومی سطح پر اس کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں