فرنیچر کے مزید 3شوروم سیل ‘محمدی مارکیٹ کے دکانداروں کا احتجاجی دھرنا

دکانوں کو ڈی سیل کرنے تک مارکیٹ احتجاجی طور پر بند رہے گی‘ذیشان گجر‘رانا وحید

بدھ 26 جنوری 2022 16:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) فرنیچر کے مزید 3شوروم سیل ،محمدی فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں کا ایکسپریس وے پر احتجاجی دھرنا،تاجروں نے شوروم ڈی سیل کرنے تک مارکیٹ کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا ، صرف رقبے کے حساب سے سیلز ٹیکس میں شامل کرنا زیادتی ہے،حکومت اور ایف بی آر قانون میں ترمیم کرے،ذیشان گجر،رانا وحید اور دیگر کا درعمل ۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس کے حوالے سے جاری مہم کے دوران گزشتہ ہفتے محمدی فرنیچر مارکیٹ منظور کالونی میں 2 شوروم سیل کیے گئے تھے جس کے خلاف تاجروں نے شدید احتجاج کیا تھا جب کہ گزشتہ روز ایف بی آر نے مزید کارروائی کرتے ہوئے سونی فرنیچر سمیت 3شوروم کو سیل کردیا، جس پر محمدی فرنیچر مارکیٹ منظور کالونی کے دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پوری مارکیٹ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کردیا اور ایکسپریس وے پر احتجاجی کیمپ قائم کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمدی فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد ذیشان گجر،آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا وحید ،محمدی فرنیچر مارکیٹ کے چیئرمین ملک محمد اکرم،نائب صدر حاجی عبدالستار،وائس چیئرمین رانا محمد اشرف،جنرل سیکریٹری ملک راشد ،فنانس سیکریٹری محمد اقبال،ڈپٹی سیکریٹری نذر حسین،رابطہ سیکریٹری حامد حفیظ اور دیگر موجود تھے۔

احتجاجی کیمپ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد ذیشان گجر اور رانا وحید نے میڈیا کو بتایا کہ فرنیچر کے شورومز کو سیلز ٹیکس میں صرف رقبہ کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے جو زیادتی ہے ، بڑی دکانیں ہماری کاروباری مجبوری ہے جبکہ ہم کاروباری ٹرن اوور کے تناسب سے سیل ٹیکس میں شامل نہیں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر حکام فرنیچر کے شعبے کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں ،جب تک سیل کی گئی دکانوں کو ڈی سیل نہیں کیا جاتا ہے مارکیٹ احتجاجی طور پر بند رہے گی اور احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے سخت رویے کی وجہ سے فرنیچر کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا عملہ تاجروں کو خوفزدہ کررہا ہے جو غنڈہ گردی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں