جامعہ کراچی کے سینئر سائینسدان مشہور چینی یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسرمقرر

جمعرات 28 مارچ 2024 16:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) چین کی مشہورحنان یونیورسٹی آف چائینیزمیڈیسن نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ کی بطور وزیٹنگ پروفیسر خدمات حاصل کرلیں۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق چینی یونیورسٹی نے پروفیسر رضا شاہ کی اعلی تعلیمی خدمات اور روایتی ادویات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں انھیں بطور وزیٹنگ پروفیسر مقرر کیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے پروفیسررضا شاہ کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ واضح رہے کہ پروفیسر رضا شاہ کی حال ہی میں چین کی انٹرنیشنل ٹریڈیشنل میڈیسن کلینکل ٹرائیل رجسٹری کی ایڈوائزری کمیٹی میں بطور ماہرتقرری ہوئی ہے جبکہ انہیں ایرانی حکام کی جانب سے حیاتیاتی و کیمیائی علوم کے شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں 37 واں خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ بھی عطاکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر رضا شاہ کا تحقیقی میدان نینومیڈیسن اور سپرامالیکولر کیمسٹری ہے، انھوں نے چھ کتابیں تصنیف کی ہیں جبکہ چار کتابوں کی تدوین بھی کی ہے، ان کے حصے میں اس کے ساتھ ساتھ کتب میں 12ابواب جبکہ1700امپیکٹ فیکٹر کے ساتھ 460 ریسرچ آرٹکل بھی شامل ہیں۔ ان کے یو ایس پیٹنٹ کی تعداد 3 ہے۔ ان کی نگرانی اور نائب نگرانی میں 35اسکالرز ے پی ایچ ڈی جبکہ 44 نے ایم ایس اور ایم فل کیا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی پروفیسررضا شاہ کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں