باکمال لوگ ، لاجواب سروس

پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کے باعث لاہور سے کراچی آنے والے مسافر کا سامان جدہ پہنچ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 09:58

باکمال لوگ ، لاجواب سروس
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : باکمال لوگ، لاجواب سروس کا راگ الاپنے والی پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے اکثر اپنے کارناموں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے مسافروں کو اکثر شدید پریشانی اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حال ہی میں پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت سے لاہور سے کراچی آنے والے مسافر کا سامان جدہ پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی لاپرواہی کے سبب پرواز پی کے303 پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہوگیا۔ پی آئی اے کی پرواز303 لاہور سے کراچی آرہی تھی، اور مسافر سیٹ کے سامنے والے پاکٹ میں سامان رکھ کر بھول گیا تھا۔ اس حوالےسے پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ طیارہ لاہور سے آنے کے بعد بغیر سکیورٹی چیک کے جدہ روانہ کردیا گیا، ایئر لائن قواعد کے مطابق بیرون ملک جانے والی کسی بھی پرواز سے قبل سکیورٹی عملہ جہاز کو چیک کرتا ہے۔

(جاری ہے)

طیارے کی مکمل جانچ کے بعد پی آئی اےانجنیئرنگ ایئرکرافٹ کلیننگ کا عملہ طیارے کی صفائی کرتا ہے،سکیورٹی عملہ کی جانب سے طیارے کو کلیئرقرار دینے کے بعد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ لیکن پی آئی اے کی لاہور سے کراچی پہنچنے والی پرواز عجلت میں جدہ روانہ کردی گئی، مسافر کی جانب سے شکایت درج کروانے پرعملے نے مؤقف اختیار کیا کہ طیارہ تو جدہ روانہ ہوگیا ہے، طیارہ واپس آنے کے بعد آپ کا سامان چیک کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عملے کی جانب سے سامان بھول جانے کے یا پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے مسافروں کا سامان گُم کر دینے کے کئی واقعات سننے کو ملتے ہیں۔ جس کی وجہ سے پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں