کراچی، ورلڈ بینک و آئی ایم ایف کی غلامی اور سود کی لعنت کی موجودگی میں اقتصادی بحران سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی،حافظ نعیم الرحمن

ملک کی سیاست،حکومت،معیشت،معاشرت اور عدالت سمیت زندگی کے ہر شعبے کو قرآنی احکامات کے تابع کرنے کی ضرورت ہے،اللہ کے دین اور اجتماعی نظام کو نافذ کرنے سے برکتیں اور رحمتیں نازل ہوں گی،امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعہ 24 مئی 2019 22:12

کراچی،  ورلڈ بینک و آئی ایم ایف کی غلامی اور سود کی لعنت کی موجودگی میں اقتصادی بحران سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی،حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بیرونی قرضے ورلڈ بینک و آئی ایم ایف کی غلامی اور سود کی لعنت کی موجودگی میں اقتصادی بحران سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی۔ملک کی سیاست،حکومت،معیشت،معاشرت اور عدالت سمیت زندگی کے ہر شعبے کو قرآنی احکامات کے تابع کرنے کی ضرورت ہے،اللہ کے دین اور اجتماعی نظام کو نافذ کرنے سے برکتیں اور رحمتیں نازل ہوں گی،دین کا غلبہ اور قرآن کی بالادستی ہمارا مقصد حیات ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ سر جانی ٹاؤن کے تحت سیکٹر 7/Dمیں دعوتِ افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوتِ افطار سے ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوام کو مسائل سے نجات اور عدل و انصاف اس وقت تک فراہم نہیں ہوسکتا جب تک کہ اسلامی نظام حکومت قائم نہ ہوجائے، اسلام کا عادلانہ نظام ہی سب کو انصاف فراہم کرسکتا ہے، اس نظام میں امیرو غریب اور حاکم و عوام سب کے ساتھ یکسا ں سلوک ہوگا،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک میں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کر نے کی جدو جہد کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف سے قرضے لے رہے ہیں، جس کا فائدہ اٹھا کر مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمارے نصاب میں قرآنی آیات ختم کرنے، توہین رسالت ? کے قانون میں ترمیم کرنے، ٹیکسوں میں اضافے اور ملک میں مہنگائی کرنے کی ڈیل کی گئی ہے۔ہمارے حکمرانوں کے اندر جرات نہیں کہ آئی ایم ایف سے دوٹوک بات کریں، ملک کے معاشی حالات اس وقت تک درست نہیں ہوسکتے جب تک معاشی نظام سود سے پاک نہ ہو،پورا نظام معیشت سود پر چل رہا ہے جو کہ اللہ اور رسول ? سے جنگ کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے، دین کا تقاضہ اور قرآن کی پکار یہی ہے کہ قرآن پر عمل کیا جائے اور سود سے پاک معاشی نظام نافذ کیا جائے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ یکجا اورمتحد ہوکر مزاحمتی قوت بنیں اور طاغوتی قوتوں کو للکاریں اور یہی قرآن کا پیغام ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ رمضان المبارک ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا تحفہ ہے، جس میں تینوں عشروں کی فضیلت بتائی گئی اور دعائیں بھی سکھائی گئی،دوسرا عشرہ اختتام پذیر ہے۔

رمضان میں نفل نماز کا ثواب فرض نماز کے برابر کردیا جاتا ہے جبکہ فرض نماز کا ثواب ستر نمازوں کے ثواب برابر ہوجاتاہے، اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں ایک ایسی رات بھی رکھی ہے جو ہزاروں راتوں سے افضل ہے جس میں پچھلے تمام گناہوں کی بخشش کی جاتی ہے۔اس لیے ہمیں فضیلتوں، برکتوں والے اس مہینے کواپنی مغفرت اور بخشش کا ذریعہ بنا نا چاہیئے۔

محمد یوسف نے کہا کہ رمضان المبارک اپنی رحمتوں و برکتوں کے ساتھ گزر رہا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم اپنے ہر ہر لمحے کو عبادت کے لیے گزاریں اور اپنے معمولات زندگی قرآن کے مطابق بنانے کی کوشش کریں۔ رمضان کے مہینے میں اجتماعی و انفرادی طور پر اللہ کے حکم پر عمل کر نے کی تربیت اور مشق کروائی جا تی ہے۔ درحقیقت یہ تربیت اپنی پوری زندگی اللہ کے حکم کے مطابق گزارنے کی تربیت ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں