ن لیگ پر اعتماد نہیں ،قومی مفاد میں کڑوا گھونٹ پی رہے ہیں، ن لیگ چارٹر آف ڈیموکریسی پوری نہیں اتری،سردار لطیف کھوسہ

وزیر اعلی سندھ گرفتاری سے نہیں ڈرتے، تحریک انصاف نے معیشت کا بیڑہ غرق کرکے آئی ایم ایف کے تابع کردیاہے، میڈیا سے گفتگو

پیر 17 جون 2019 14:39

ن لیگ پر اعتماد نہیں ،قومی مفاد میں کڑوا گھونٹ پی رہے ہیں، ن لیگ چارٹر آف ڈیموکریسی پوری نہیں اتری،سردار لطیف کھوسہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااور سابق گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ ن لیگ پر اعتماد نہیں ،قومی مفاد میں کڑوا گھونٹ پی رہے ہیں، ن لیگ چارٹر آف ڈیموکریسی پوری نہیں اتری،سب سے زیادہ پیپلزپارٹی پنجاب کو ن لیگ پر تحفظات ہیں،تحریک انصاف نے معیشت کا بیڑہ غرق کرکے آئی ایم ایف کے تابع کردیاہے۔

۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی پنجاب قیادت 30،40سال ن لیگ کے تسلط میں رہی، ن لیگ چارٹر آف ڈیموکریسی پوری نہیں اتری، مارشل لاء میں آئین میں شامل شقوں کے خاتمے پر ن لیگ نے ساتھ نہیں دیا۔سابق گورنر پنجاب نے کہاکہ قوانین کے خاتمے پرن لیگ نے تعاون نہیں کیا، ن لیگ خمیازہ بھگت رہی ہے،نواز شریف اسی وجہ سے نا اہل ہوئے، نیب زدہ لوگوں کو نیب زادے بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

لطیف کھوسہ نے کہاکہ اختلافات کے باجود ن لیگ کے ساتھ گئے، تحریک شروع ہوتے ہی لوگ خود سڑکوں پر آئیں گے، عنقریب ان کوجیلوں میں دیکھیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی گرفتاری کے سوال انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ گرفتاری سے نہیں ڈرتے، کیسوں کی فکر نہیں،20کیسز بھگتے ، زرداری11سال قید رہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں دہرا معیار ہے کہیں سزا سے پہلے تو کہیں بعد میں گرفتاری ہوتی ہے، پہلے بھی سندھ میں گورنر راج لگانے کی باتیں ہورہی تھیں، سپریم کورٹ نے کہا تھا گورنر راج لگایا تو ایک دن میں اڑا دیں گے، سندھ میں گورنر راج لگا کر حکومت کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے معیشت کا بیڑہ غرق کرکے آئی ایم ایف کے تابع کردیاہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، تنخواہ دار طبقہ فاقوں پر مجبور ہے۔سابق گورنر پنجاب نے کہا تحریک انصاف کی حکومت ڈکٹیٹر شپ کا مزاج رکھتی ہے، چیئرمین نیب کو ویڈیو لیک کرکے وقت کمزور کردیا گیا ہے، پہلے سیف الرحمان زرداری کے پائوں پڑے تھے، اب بہت سے لوگ آصف زرداری کے پائوں پڑیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں