شکایت کنندہ کے عدم رسپانس پر پولیس مدعی بنے گی، وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کا افتتاح

پیر 14 اکتوبر 2019 18:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سعودآباد ملیرہیڈکوارٹر میں وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کا افتتاح کر دیا۔ اس سے قبل ایسے 29سیل سندھ بھر میں وومن اینڈ چائلڈ کے حوالے سے مختلف نوعیت کے جرائم کی روک تھام اور شکایات کا ازالہ میں متحرک اور مصروف عمل ہیں۔افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ملیر کے علاوہ سول سوسائٹی سے وابستہ معروف شخصیات سمیت مذکورہ سیل کے قیام میں پولیس کے ساتھ اشتراک کرنیوالی فلاحی تنظیم ایس پی او کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے اور ڈر وخوف کے ماحول سے نکالنے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ تعلیمی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں بلا کسی خوف وخطر اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں خواتین کی افرادی قوت میں مزید اضافے کی ضرورت ہے جس کا مقصد تھانوں میں خواتین کی تعداد کو بڑھانا اورخواتین و بچیوں سے متعلق مسائل و مشکلات، شکایات کا فوری اور بروقت اذالہ کرنا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ مختلف نوعیت کی شکایات، جرائم میں اگر متاثرہ خواتین کے اہلِ خانہ میں سے کوئی مدعی نہیں بنے گا تو ایسی صورت میں پولیس خود مدعی بنے گی اور آگے کی کاروائی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ منفی برتاؤ یا ہراساں کئے جانے کا عمل کسی بھی طور ناقابلِ برداشت ہے مرتکبین کو سخت انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کے لیئے 911 جیسے ایمرجینسی نمبر کو متعارف کرنیکی اشد ضرورت ہے اور اس ضمن میں مجموعی امور و اقدامات زیر غور ہیں۔جسکے بعد یہ سسٹم فون کال تک محدود ہوجائیگا اور متعلقہ پولیس شکایات موصول ہونے پرمتاثرہ خواتین کے پاس خودجاکر شکایات کا اندراج اورجملہ ضروری کاروائی کو یقینی بنائیگی۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکش سیلز کا تھانہ جات کی سطح پر قیام جیسے اقدامات کو زیر غور لاتے ہوئے تمام تر ضروری دستاویزی امور پر مشتمل قابلِ عمل تجاویز وسفارشات برائے ملاحظہ و مزید ضروری کاروائی ارسال کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں