سندھ حکومت نے راشن تقسیم کرنے کیلئے 58 کروڑ روپے جاری کردیئے۔ سید ناصر حسین شاہ

جمعرات 26 مارچ 2020 17:35

سندھ حکومت نے راشن تقسیم کرنے کیلئے 58 کروڑ روپے جاری کردیئے۔ سید ناصر حسین شاہ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیا ت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 580 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دئے ہیں، یہ رقم غریب عوام اور روزانہ اجرت کمانے والوں کو راشن دینے کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اس ضمن میں ہر ضلع میں ہر ضلع میں 20 ملین روپے دیئے جائیں گے تاکہ روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والوں میں راشن تقسیم ہوسکے۔

سید ناصر حسین شاہ جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر سیکریٹری خزانہ حسن نقوی نے فنڈز منتقل کردیئے ہیں ، حکومت سندھ اس لاک ڈائون میں غریب اور ضرورتمند عوام کا بھر پور ساتھ دے گی اور اپنی پو ری صلاحیتیں بروئے کار لائے گی کہ غریب اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے بلدیات، جنگلات و اطلاعات سید ناصرحسین شاہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، صرف کھانے پینے اور دواں کی انڈسٹریز کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنا کاروبار جاری رکھیں اس کے علاوہ کسی بھی انڈسٹری کو اجاز ت نہیں ہے کہ وہ اپنا کاروبار کھولیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ یہ ان کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ باہر نہ نکلیں، سندھ حکومت اس لاک ڈائون میں آنے والے دنوں میں مزید سختی کرنے پر غور کررہی ہے، یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ اس لاک ڈائون پر سختی سے عمل کریں ورنہ حکومت مزید سختی کی طرف بھی جاسکتی ہے کیونکہ یہ عوام کی زندگیوں کا سوال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جیلوں میں 16ہزار سے زئد قیدی ہیں، حکومت ان کی تعدا کم کرنا چاہتی ہے ۔لہذا جو قیدی معمولی کیس میں بند ہیں یا اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن ضامن نہ ہونے کی وجہ سے قید میں ہیں ان کو رعایت دی جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن جرمانہ دینے کے قابل نہیں ان کا جرمانہ حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی ہے کہ ہر قیدی، اس کا جرم، قیدی کی عمر، جیل میںجانے کی تاریخ، انڈر ٹرائل ہے یا کونوکٹیڈ ہے اور قیدی کی صحت کے حوالے سے فہرست بنا کر وزیراعلی سندھ کو بھیجی جائے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کی جیلوں میں بہترین صحت کی سہولتیں مہیا کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، نیز قیدیوں کو بھی صفائی ستھرائی سے رہنے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر رکھا جائے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے خود بھی کرونا سے بچیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اسی میں آپ کی بہتری ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں