پاکستان پر عالمی سفری پابندیاں مزید سخت ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سیفٹی تحفظات دور کرنے کی آخری ڈیڈ لائن دے دی ، 3 ماہ میں سیفٹی تحفظات دور نہ کیے گیے تو عالمی سفری پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی ، میڈیا ذرائع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 نومبر 2020 11:48

پاکستان پر عالمی سفری پابندیاں مزید سخت ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر2020ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے کی جانے والی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان پر عالمی پابندیاں مزید سخت ہونے کا خطرہ سر اٹھانے لگا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ایوی ایشن سے متعلق بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) نے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سیفٹی تحفظات دور کرنے کی آخری ڈیڈ لائن دے دی ، جس کے تحت اگر آئندہ 3 ماہ میں سیفٹی تحفظات دور نہ ہونے پر اکاؤ پاکستان سے متعلق تمام ممبر ممالک کو خصوصی ہدایات جاری کرے گا جس کے بعد بھی اگر تحفظات دور نہ کیے گیے تو عالمی سفری پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ اکاؤ کو پاکستان میں سول ایوی ایشن کے ضروری حفاظتی اقدامات پر خدشات ہیں ، پاکستانی سول ایوی ایشن حکام اکاؤ کے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، اس کے علاوہ پائلٹس کی ٹریننگ اور لائسنسنگ سے متعلق خدشات بھی تاحال دور نہیں کیے جاسکے ، جس پر اکاؤ نے سیفٹی تحفظات پر سول ایوی ایشن کو دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ، 22 ممالک سے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا گیا ، اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں شامل 30 ممالک کی تعداد کم کرکے 22 کر دی گئی ہے جن میں سنگاپور، آسٹریلیا ، چین ، مالدیپ ، نیوزی لینڈ ، نائجیریا ، جنوبی کوریا ، سعودی عرب ، سینیگال ، سری لنکا اور ویتنام اور دیگر شامل ہیں ، ان ممالک سے آئے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ اور پی سی آر سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے جو بھی مسافر پاکستان آئیں گے ان کے لیے لازمی ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے ، ان مسافروں کو پاکستان آنے سے 96 گھنٹے پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا ہوگا ، بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کی گئی نئی ایڈوائزری رواں برس 31 دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں