رمضان المبارک میں چینی اورگندم کی قلت کا خدشہ

وزارت غذائی تحفظ کی3لاکھ ٹن گندم درآمد کی درخواست کراچی میں مرغی کا گوشت 480 روپے کلو جبکہ سرکاری نرخ214روپے فی کلو مقرر

منگل 9 مارچ 2021 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2021ء) رمضان المبارک میں چینی اور گندم کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چینی اورگندم کی درآمد کے لیے دوبارہ ٹینڈرزجاری کردیئے ہیں۔وزارت غذائی تحفظ نے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کی درخواست کی ہے۔ گندم کی درآمد کے لیے بھی پہلے ٹینڈرمیں مہنگی بولی کی وجہ سے دوبارہ ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 50 ہزارمیٹرک ٹن چینی کا پہلا ٹینڈرمہنگی بولی ملنے کے باعث منسوخ کیا گیا، جو دوبارہ جاری کیا گیا۔ چینی یوٹیلیٹی اسٹورزکے لیے درآمد کی جارہی ہے۔اس سے قبل شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ گنے کی فی من قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی کی قیمت ایک بار پھر 100 روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب مرغی کا گوشت بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگا۔ کراچی میں مرغی کا گوشت 480 روپے کلو جبکہ سرکاری نرخ منگل کوبھی 214 روپے فی کلو مقررکیاگیاتھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں