ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 168 روپے 72 پیسے کا ہو گیا،سٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمائی کاروں کے 15 ارب سے زائد ڈوب گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 ستمبر 2021 16:54

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 ستمبر 2021ء) ملک میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر 53 پیسے کا اضافہ ہوا۔جب کہ ڈاکر کی قیمت 168 روپے 72 پیسے ہو گئی۔

اوپن مارکیٹ میں عوام کے لیے امریکی ڈالر ایک روپے 20 پیسے مہنگا ہوا اور نئی قیمت 170 روپے پر پہنچ گئی ہے۔پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی ریکارڈ کی گئی۔100 انڈیکس 107.87 پوائنٹس گرکر 46528.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار 0.23 فیصد تنزلی دیکھی گئی جب کہ 7 کروڑ 52 لاکھ 61 ہزار 742 شئیرز کا لین دین ہوا۔

(جاری ہے)

سٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمائہ کاروں کے 15 ارب سے زائد ڈوب گئے۔واضح رہے کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ہفتہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مزید بڑھ گئی تھی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ہفتہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں20پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 168.40روپے سے بڑھ کر168.60روپے اور قیمت فروخت168.80روپے سے بڑھ کر169روپے ہو گئی تاہم یورو کی قیمت خرید 197.50روپے اور قیمت فروخت199.50روپے پر مستحکم رہی اسی طرح برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 232روپے اور قیمت فروخت234روپے پر برقرار رہی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر5پیسے سستا ہو گیا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر20پیسے مہنگا ہوا تاہم یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں استحکام رہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں