پی آئی اے عملے کی دیانتداری، مسافر کو لاکھوں روپے لوٹا دیے

مسافر جلد بازی میں غیر ملکی کرنسی، قیمتی سامان سے بھرا بیگ ایئرپورٹ پر بھول گیا، بیگ میں دیگر سامان کے ساتھ مسافر کا پاسپورٹ بھی موجود تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 ستمبر 2021 15:15

پی آئی اے عملے کی دیانتداری، مسافر کو لاکھوں روپے لوٹا دیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر 2021ء) : پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کے عملے نے فرض شناسی اور دیانتداری کی نئی مثال قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے عملے نے ایک مسافر کو 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالرز واپس کر کے دیانتداری کی ایک اور مثائل قائم کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے369 میں اسلام آباد سے کراچی جانے والے مسافر جلد بازی میں غیر ملکی کرنسی، قیمتی سامان سے بھرا بیگ ائیرپورٹ پر بھول گیا۔

بیگ میں دیگر سامان کے ساتھ مسافر کا پاسپورٹ بھی موجود تھا۔ ائیرپورٹ سے جانے کے بعد بیگ کے گم ہونے کا علم ہونے پر مسافر نے فوری طور پر ائیرپورٹ حکام سے رابطہ کیا۔ پی آئی اے عملے نے مسافر کی جانب سے رابطہ کرنے پر فوری طور پر بیگ کی تلاش کا آغاز کیا اور بیگ ڈھونڈ کر پوری ایمانداری سے مسافر کو واپس لوٹا دیا۔

(جاری ہے)

مسافر نے بیگ میں اپنا سامان اور 9 ہزار سے زائد امریکی ڈالر کرنسی اور دیگر اہم سامان پوری حالت میں واپس ملنے پر ائیرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مسافر کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ حکام نے بہترین سروس دی، سامان ڈھونڈ کر واپس کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ائیرپورٹ اتظامیہ نے میرا سامان پوری ایمانداری سے مجھے واپس کیا، سامان گم ہونے پر میں کافی پریشان تھا تاہم اپنا بیگ دیکھ کر مجھے بے حد مسرت ہوئی۔ میرا بیگ ڈھونڈ کر ایمانداری سے مجھے واپس کرنے پر میں فرض شناس عملے کا بے حد مشکور ہوں۔ قومی ائیرلائن پی آئی اے کے عملے کی جانب سے مسافر کی مدد کرنے اور ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر سی ای او پی آئی اے ایئرچیف مارشل ارشد ملک نے عملے کو شاباش دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں