گزشتہ تین روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار 400 روپے بڑا اضافہ ہوگیا

آج فی تولہ قیمت میں 3800 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 2 لاکھ 34 ہزار 800 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 3258 روپے کا اضافہ ہوا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 مارچ 2024 17:58

گزشتہ تین روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار 400 روپے بڑا اضافہ ہوگیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مارچ 2024ء) ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر بڑھ گئی ہے، گزشتہ تین روز میں سونے کی قیمت میں 5 ہزار 400 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ 
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار800 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 34 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار258 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ ایک ہزار303 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 40 ڈالر اضافے کے بعد 2254 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈالر کے قابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہے۔

مرکزی بینک نے رپورٹ کیا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 22 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 40 لاکھ ڈالر بڑھ کر 8.021 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔اسٹیٹ بینک نے ڈالر کی آمد کے ذریعے کا ذکر نہیں کیا تاہم انٹربینک مارکیٹ کے ڈیلرز نے بتایا کہ مرکزی بینک کی جانب سے بینکنگ مارکیٹ سے ڈالر خریدے جا رہے ہیں۔اسی مدت کے دوران ملک کے پاس موجود کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگئے، جس میں سے 5 ارب 40 کروڑ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ہیں۔

 
دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہتر ہو کر 278 روپے 3 پیسے ہو گئی، یہ ماہرین مارکیٹ کے لیے باعث تشویش ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی خراب صورتحال اور بڑے تجارتی خسارے کے باوجود کب تک شرح تبادلہ مستحکم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں