سندھ کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری

بسوں کی نئی کھیپ کراچی پہنچ گئی جلد نئے روٹس شروع کیے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 16:50

سندھ کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2024ء ) صوبہ سندھ کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ چین سے منگوائی جانے والی بسوں کی نئی کھیپ پہنچ گئی جلد نئے روٹس شروع کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بسوں کی نئی کھپ کراچی پورٹ پہنچ چکی ہے، ان شا اللہ حکومت سندھ کا محکمہ ٹرانسپورٹ بہت جلد نئے روٹس شروع کرے گا، ہماری توجہ عوامی خدمت اور صوبے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس شروع کر نے کا بھی اعلان کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبے کے آغاز کیا جائے گا، اس حوالے سے سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کے ذریعے خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، پنک بس سروس کی بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کیلئے اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی کے درمیان مفت شٹل سروس کا بھی آغاز کرے گی جب کہ میرپور خاص میں عوام الناس کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لئے کیش لیس ٹکٹ سروس متعارف کروائی جائے گی، سندھ حکومت کی جانب سے اورنج لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کو جوڑنے کے لئے مفت شٹل سروس شروع کی جائے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر مملکت آصف زرداری نے خاص ہدایات دی ہیں کہ ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر پر فوکس کرنا ہے، اسی کے تحت گرین بسیں عوام کے لیے شروع ہو چکی ہیں، کچھ نئی بسیں آئی ہیں وہ بھی سڑکوں پر آئیں گی، الیکٹرک بسوں کے 2 نئے روٹ شروع ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں