روٹری کلب آف پاکستان اور عارف حبیب کموڈٹیز کے سات رکنی وفد کی آئی جی سندھ سے ملاقات

کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کا دارومدار پرامن حالات وپرسکون ماحول پر ہوتا ہے، اے ڈی خواجہ کی وفد سے بات چیت

اتوار 30 اپریل 2017 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2017ء) آئی جی سندھ اللہ ڈنوخواجہ نے کہاہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کا دارومدار پرامن حالات وپرسکون ماحول پر ہوتا ہے۔ ایسے معاشروں میں قانون پسند شہری پولیس کے ساتھ تعاون اور رابطوں پر فخر کرتے ہیں کیونکہ جرائم کے خلاف جنگ میں یقینی کامیابی میں پولیس کی محنت لگن اور صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ عوام کا انفرادی واجتماعی کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔

اتوار کوسینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے روٹری کلب آف پاکستان اور عارف حبیب کموڈٹیز پر مشتمل سات رکنی وفد نے روٹری صدر شہزاد صابر کی سربراہی میں ملاقات کی اور پولیسنگ کے معیار میں بہتری لانے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ آفتاب پٹھان، ڈی آئی جی ساؤتھ آزادخان اور پرنسپل پی ٹی سی سعیدآباد شاد ابن مسیح بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں یہ طے پایا کہ وفد اپنے متعلقہ ادارے سے ماہرین کا انتخاب کرکے سندھ میں قائم پولیس سہولت مراکز کے عملے کو معیاری پولیسنگ، مثبت برتاؤ، حسن سلوک، شائستہ رویے اور روائتی تھانہ کلچر کو کس طرح تبدیل کیا جاسکتا ہے جیسے اقدامات کی باقاعدہ تربیت دینگے جس میں لیکچر، سیمینارز، ورکشاپس وغیرہ قابل ذکر ہیں۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سندھ اور پرنسپل پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ وفد میں شامل عہدیداران / ممبران سے ذریعہ، روابط اورشیڈول اجلاس ومشاورت سے تمام تر عملی اقدامات پر مشتمل تجاویز تیار کی جائیں تاکہ معیاری تربیت کے سلسلے کا جلد سے جلد آغاز کرتے ہوئے پولیسنگ کے معیار کو عوام دوست بنانے ،تھانوں کی فضا اور ماحول کو عوام کی امنگوں کا ترجمان بنانے ، تھانوں کے روائتی کلچر کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس پرعوام کا اعتماد بڑھانے جیسے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پولیس کے جملہ اقدامات کو حقیقی معنوں میں عوام کی خواہشات اور امنگوں کا ترجمان بناؤں اور تھانوں کے ماحول مثبت اور مددگار بناتے ہوئے عوام اور پولیس کو ایک دوسرے کے قریب لاؤں جس سے بلا شبہ عوام کے حوصلے بلند ہونگے اور پولیس کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے پولیس سہولت مراکز کے اسٹاف کی تربیت جیسے اقدامات پر وفد کے تعاون ورہنمائی اور نیک تمناؤں کو سراہا اور انکے جذبوں کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں