یونائٹڈ بزنس گروپ کا وزیراعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب کا خیرمقدم

ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم کی پہلی تقریر حوصلہ افزاء تھی، افتخار علی ملک قوم کو حکومت سے بہت سی توقعات، تاجر برادری بھرپور ساتھ دے گی، ایس ایم منیر

پیر 20 اگست 2018 15:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بزنس کمیونٹی کی توقعات کے عین مطابق قرار دیا ہے۔ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک، سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، سیکریٹری جنرل زبیرطفیل، ترجمان گلزار فیروز،سینیٹر عبدالحسیب خان،سینیٹر الیاس احمدبلور،عبدالسمیع خان، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،خالد تواب،میاں محمدادریس، ریاض الدین شیخ،ا نجینئر داروخان، یو بی جی کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین نوید بخاری،تنویراحمدشیخ،حنیف گوہر،نوراحمدخان،ممتازشیخ،شکیل ڈھینگڑا،ظفر بختاوری،ملک سہیل حسین،حمید اختر چڈھا اور عبدالسمیع خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی حکومت ملک میں بہتری کے لیے پرعزم ہے، آئندہ 100روز میں حکومت کی سمت واضح ہوگی، وزیر اعظم کی ملک و قوم کو کرائی جانے والی یقین دہانیاں پوری ہونے سے کراچی سمیت ملک بھر کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیر اعظم کی پہلی تقریر بہت حوصلہ افزاء تھی، نو منتخب حکومت جو اقدامات کرنے جارہی ہے اس میں کچھ وقت لگے گا اس لیے عوام کو نئی حکومت کو کچھ مہلت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معاشی ترقی اور سادگی کے ذریعے وسائل کو بچانے، زرعی نظام کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کے لیے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے وہ حوصلہ افزاء ہیں اور بزنس کمیونٹی ملک سے کرپشن کے خاتمے، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات بڑھانے اور زراعت کی بہتری کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، کرپشن کا خاتمہ، ٹیکسوں کے نظام کی بہتری، لوٹی گئی دولت کی واپسی، پانی کی قلت اور سماجی شعبے کی بہتری کے لیے وزیر اعظم کے قوم سے وعدوں کی تکمیل میں تاجر برادری حکومت کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر اور ملک سے کرپشن کے خاتمے، سادگی اختیار کرنے اور اخراجات میں کمی سمیت دیگر اقدامات قابل تعریف ہیں، بزنس کمیونٹی لوٹی گئی دولت واپس لانے اور اخراجات میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کی تشکیل کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے اور ٹاسک فورس کی مکمل معاونت کرے گی۔

زبیرطفیل نے کہاکہ ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، قوم کو وزیراعظم سے بہت توقعات ہیں بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی بہتری کے لیے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ گلزار فیروز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے ملک میں بہتری کی ہوائیں چلنے کی کچھ امید بندھی ہے تاہم یہ مشن مشکل لیکن اس کے لیے پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ ایف پی سی سی آئی اور دیگر سٹیک ہولڈرز بالخصوص درمیانے درجے کے بزنس مینوں اور ایس ایم ایز سیکٹر کو بھی مشارت میں شامل کریں اور ایکسپورٹرز کو ان کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی کیلئے قدم اٹھائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں