کراچی ،ڈی ایس پی کورنگی نے 100روزہ کارکردگی کی رپورٹ افسران کو پیش کردی

21پولیس مقابلے ، 404ملزمان گرفتار، بڑی تعداد میں اسلحہ اور دیگر مال برآمدکیا گیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) سب ڈویژن کورنگی پولیس نے کرمنلز اور جرائم پیشہ کیخلاف کارروائیوں کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ مجموعی 21 پولیس مقابلے اور 404ملزمان گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دیگر مال برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی ضلع کورنگی کے خصوصی ٹاسک پر سب ڈویژن پولیس آفیسر(SDPO) فتح محمد شیخ کی نگرانی میں سب ڈویژن کورنگی کے تین تھانوں زمان ٹائون ، کورنگی صنعتی ایریا اور کورنگی پولیس نے مجموعی طور پر پورے سب ڈویژن کورنگی میں جرائم پیشہ ، ڈکیت و اسٹریٹ کرمنل گروہوں، گٹکا مافیا، موٹر سائیکل لفٹر گروہوں ، مفرور و اشتہاری و دیگر ملزمان کیخلاف کارروائیاں کیں۔

کارروائیوں کے دوران 21پولیس مقابلے ہوئے جن میں 50 ملزمان گرفتار کئے گئے، جبکہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث 135 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

منشیات کے 84 مقدمات درج کئے اور 84 ملزمان پکڑے گئے۔ جوئے سٹے کے 6 مقدمات میں 30 جواریوں سٹوریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ متفرق مقدمات اور گٹکا سپلائروں، مفرورواشتہاری ملزمان کیخلاف کارروائیوں میں 105 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

مجموعی کارروائیوں میں 404ملزمان کو گرفتار کرکے سب ڈویژن کورنگی میں کارروائیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔ گرفتار شدگان سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 3 رائفلیں، 103 پستول، 130 میگزین،سیکڑوں کارتوس، 20 کلو گرام چرس،ہیروئن کی متعدد پڑیاں، شراب کی بوتلیں،وارداتوں میں لوٹا ہوا بھاری مالیت کا ساز و سامان، گٹکا فیکٹری سے برآمد کی گئیں لاکھوں روپے مالیت کی مشینری، 835 بیگ گٹکا و تیاری کا سامان برآمد کرلیا۔ سب ڈویژن پولیس آفیسر ایس ڈی پی او فتح محمد شیخ نے اپنی تعیناتی کے (سنچری) 100 دن کی کارکردگی کی رپورٹ افسران کو پیش کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں