ڈی آئی جی پی ٹریفک کا سائٹ ایسوسی ایشن کی تجاویز سے اتفاق

سائٹ صنعتی علاقے میں تجاوزات کے خلاف فوری مہم شروع کی جائے گی،جاوید علی مہر

جمعہ 18 جنوری 2019 18:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) ڈی آئی جی پی ٹریفک جاوید علی مہر نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیم پاریکھ کی جانب سے ٹریفک جام کے بڑھتے مسائل کی وجوہات کی نشاندہی پر سائٹ کے صنعتی علاقے میں فوری طور پرتجازوات کے خلاف مہم شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے جو ڈی ایم سی ویسٹ کی مدد سے شیر شاہ، گل بائی اور تمام ٹرک،رکشا اسٹینڈز سے تجازوات کے خاتمے کے لیے فوری طور پر شروع کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے صدر سائٹ ایسوسی ایشن کی دعوت کے موقع پر ٹریفک سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔جاوید علی مہر نے سائٹ ایسوسی ایشن کی تجاویزاور سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے افضاء فلائی اوور پر لفٹر کے ذریعے خراب گاڑیوں کو شام 4.30بجے سے رات 8بجے تک ہٹانے اور غلط سائیڈ سے آنے والوں کا چالان کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سائٹ ایریا میں زیادہ ٹریفک کے ہجوم کے 10مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی بلا تعطل ممکن بنائی جاسکے۔

ڈی آئی جی پی ٹریفک نے اورنگی نالہ برج کو چوڑا کرنے، آئی سی آئی برج سے جناح فلائی اوور تک اونچے بیریئرز ، کیٹ آئیز کی تنصیب،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذریعے لیاری ایکسپریس وے کے جوائنٹس کی مرمت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے یہ بھی کہاکہ سائٹ ایریا میں شام سے رات 8 بجے تک 6 وہیلر گاڑیوں کو چلانے کی اجازت ہو گی۔اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پاریکھ نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی علاقے میں ٹریفک کے متعلق مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے بعض اہم تجاویز دیں اور تفصیلی مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کی تعریف کی تاہم بعض علاقوں میں صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عوام کے ساتھ ٹریفک پولیس کے رویے کو بہتر بنانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے ڈی آئی جی پی ٹریفک سے درخواست کی کہ سائٹ ایریا میں ٹریفک جام کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں جس سے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت کے ساتھ برآمدی مال کی جلد ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں