کرا چی،گلشن عریشہ اور دیگر ہاؤسنگ اسکیموں میں رہائش پذیر افرادکے نمائندہ وفود کی پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ سے ملاقات

جمعہ 18 جنوری 2019 23:14

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2019ء) گلشن عریشہ اور دیگر ہاؤسنگ اسکیموں میں رہائش پذیر افرادکے نمائندہ وفود نے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی اور بتایا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ نے ان کو اپنے گھروں سے بے دخلی کے لیے جونوٹس جاری کیے ہیںاُس میں واٹر بورڈ نے کنڈیوٹ کے دونوں جانب سو فٹ زمین سپریم کورٹ کے آڈرز کی روشنی میں خالی کرانے کا ذکر کیا ہے ، ان لوگوں نے اپنے مکانات کے کاغذات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے نقشہ پاس ہونے کے ثبوت اور بورڈ آف ریونیو کی جانب سے زمین کی الاٹمنٹ کی دستاویزات پیش کیں اور بتایا کہ قانونی ملکیت کے تمام شواہد کے باوجود نوٹس جاری کیے گئے ۔

اس موقع پرسیف الدین ایڈوکیٹ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں بدستور اندھادھند کارروائی کی جارہی ہے جس میں جائز اور ناجائز فرق ختم کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف میئر کراچی وسیم اختر کی روزگار دشمن کارروائیوں سے کراچی میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور بلا وجہ جائز اور قانونی دکانیں مسمارکی جارہی ہیں تو دوسری جانب واٹر بورڈ نے کنڈیوٹ سے تجاوزات ہٹانے کے نام پر 100فٹ دور تعمیرات کو بھی ناجائز قراردینا شروع کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گلشن عریشہ کے مکینوں کے پاس مکمل قانونی دستاویزات ہیں اورواٹر بور ڈکا اپنا وجود 1980کے بعد کا ہے ،وہ کس طرح بورڈ آف ریونیو کی جانب سے لیز شدہ زمینوں کو تجاوزات قراردے سکتا ہے ۔ انہوں نے واٹر بورڈ انتظامیہ کو خبردار کیا کہ ایسی مذموم کارروائیوں کی کسی بھی طرح اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ کسی بھی ادارے کی جانب سے غندہ گردی اور دہشت گردی ہو تو وہ اپنا حق حاصل کر نے کے لیے مزاحمت کریں ،جماعت اسلامی ان کے ہمراہ کھڑی ہوگی اور جلد ہی اس سلسلے میں عملی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں