دینی امور انجام دینے والوں کو تنگ کرنا افسوس ناک ہے،پیغام مدارس کنونشن وقت کی اہم ضرورت ہے،علماء اپنی شرکت کو یقینی بنائیں

مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا امداداللہ،مولانا طلحہ رحمانی،مفتی عبیداللہ انور و دیگر کا میرپور خاص میں علماء کنونشن کے حوالہ سے مشاورت

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام پیغام مدارس مہم کے حوالہ بروز جمعرات 24 جنوری کو میرپور خاص میں علماء کنونشن منعقد ہوگا۔ اس اجتماع میں میرپور خاص،عمر کوٹ،سانگھڑ،جیکب آباد،تھر اور شہدادپور کے مدارس ذمہ داران وآئمہ مساجد شرکت کریں گے،اس اجتماع کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے صوبہ سندھ کے منتظمین ومسئلین نے مفتی عبیداللہ انور کی معیت میں صدر وفاق مولاناڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی،صوبائی کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی،مولانا قاری زبیر احمد سے تفصیلی ملاقات کی۔

اس موقع پہ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے کہا کہ مدارس دینیہ ملک میں امن و سلامتی کے ضامن ہیں اور مدارس کا پیغام تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشرہ میں اخلاقی قدروں کو پامال کر کے ہماری اسلامی تہذیب و تمدن کو ختم کرنے کی جو کوششیں کی جارہی ہیں اس کے سدباب کے لئے مدارس کے پیغام کو اجاگر کر کے تعلیم کو فروغ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے اس اہمیت کے پیش نظر علماء نے پہلے بھی مثبت کردار ادا کیا ہے اور آج وفاق المدارس نے معاشرہ کی اس نظریاتی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ان اجتماعات کے ذریعہ موثر قدم اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پہ ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی نے کہا کہ ملک بھر میں جاری اس مہم میں عوام نے علماء و مدارس کی آواز پہ لبیک کہتے ہوئے جس جذبہ سے اپنا دینی فریضہ ادا کیا وہ قابل تحسین ہے،انہوں نے کہا کہ مدارس نے تعلیم کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود سمیت سماجی و رفاہی میدان میں بھی بہت وسیع خدمات انجام دی ہیں اور اس میں مستقل اضافہ ہونا عوام کا مدارس پہ اعتماد کا مظہر ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اشرافیہ نے ہماری تعلیم کو طبقاتی طور پہ منقسم کر کے اسلامی ملک کے فکری تشخص کو بری طرح پامال کر کے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے ہماری اسلامی فکری و نظریاتی سوچ بھی بری طرح کئی حصوں میں تبدیل کا شکار ہے۔

اس تناظر میں مدارس دینیہ نے یکساں نظام تعلیم و تربیت سے معاشرہ میں متفقہ وحدت کو پروان چڑھانے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔وفاق المدارس کے صوبائی کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے اس موقع پہ کہا کہ آج پاکستان کے ہزاروں مدارس میں لاکہوں طلبہ وطالبات میں امیر غریب کی تفریق بالکل بھی نہیں، انہوں نے کہا کہ مدارس کو درپش مسائل کے باوجود یکساں سہولیات سمیت ایک ہی نصاب و نظام تعلیم رائج ہے، اورلاکھوں طلبہ و طالبات وفاق الدارس کے جامع نیٹ ورک کے تحت ملک بھر میں مربوط انداز سے امتحان دیتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کی تعلیمی وحدت اور خدمات کو یکسر نظر انداز کر کے دیوار سے لگانے کی کوششیں کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ہیں جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں، وفاق المدارس سندھ کے مسئولین نے مفتی عبیداللہ انور کی معیت میں علماء کنونشن کے حوالہ سے جامعہ بنوری ٹائون کراچی میں صدر وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی، صوبائی کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی اور جامعہ دارالعلوم کراچی میں وفاق المدارس کے مرکزی نائب صدر مفتی محمد رفیع عثمانی،مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا زبیر اشرف،مولانا راحت علی ہاشمی سمیت دیگر ذمہ داران سے بھی تفصیلی ملاقات کر کے اجتماع کی حتمی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

مولانا طلحہ رحمانی نے کہا کہ دینی اداروں کے خلاف انتظامیہ کا مسلسل منفی رویہ تعلیم دشمنی پہ مبنی اقدام ہے،جبکہ مدارس کی تعلیمی ملکی وملی خدمات مثالی ہیں۔مدارس کی ہمہ جہت کارناموں کو محب وطن اسلام پسند عوام نے تسلیم کرتے ہوئے علماء ومدارس پہ اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیغام مدارس اجتماعات میں بھرپور شرکت کی۔ وفاق المدارس میرپور خاص کے مسئول مفتی عبیداللہ انور نے بتایا کہ 24 جنوری کو میرپور خاص میں ہونے والا پیغام مدارس علماء کنونشن کے دورس اثرات مرتب ہونگے، اس اجتماع میں میرپور خاص،مٹھی،عمرکوٹ،سانگھڑ اور شہدادپور کے سینکڑوں علماء شرکت کریں گے اور وفاق المدارس کے مرکزی و صوبائی قائدین سمیت مذہبی معروف رہنماء کے بھی خطاب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اجتماعات کے مثبت اثرات سے مدارس کی جہاں خدمات سے عوام و علماء میں آگاہی و بیداری کو اجاگر کرنا ہے وہیں مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات بھی شامل ہیں۔ وفاق المدارس کے ترجمان مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ صدر وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے علماء کنونشن کے انتظامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین و مسئولین کی محنتوں کو بھی سراہا اورعلماء و اہل مدارس اور آئمہ مساجد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے پہ زور دیتے ہوئے اس کے اثرات سے دینی امور کی انجام دہی کے لئے مفید بھی قرار دیا۔

دریں اثناء میرپورخاص میں وفاق المدارس سندھ کے معاون ناظم مولانا قاری عبدالرشید کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں علماء کنونشن میرپور کے انتظامات کی تیاریوں حتمی جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس میں مفتی عبیداللہ انور، مولانا محمد سلیم، مولانامحمد یعقوب سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں