کراچی کی خوبصورتی کیلئے خدمات جاری ہیں،چیف سیکرٹری سید ممتاز علی شاہ

بدھ 23 جنوری 2019 23:24

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کراچی میں صحت و صفائی اور خوبصورتی بڑھانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی( سمیت متعلقہ ادارے صفائی ستھرائی سے متعلقہ امور کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیف سیکریٹری نے سندھ سیکریٹریٹ میں پاک بحریہ کے افسران کے وفد سے اظہار خیال کے دوران کیا جو سندھ کے مطالعاتی دورے پر ہے۔

سید ممتاز علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ میں تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں 5500 پرائمری 4500 سیکنڈری اسکول 250 کالجز اور درجنوں یونیورسٹیاں تعلیم کے مستحکم فروغ کے سلسلے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ملک بھر میں سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں پہلی سے انٹرمیڈیٹ تک کے نصاب میں منشیات کی لعنت سے طلباو طالبات کو بچانے کے لئے اسباق شامل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ای پی اے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی صوبہ بھر میں ماحولیاتی آلودگی پر بطریق احسن قابو پانے کے لئے خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ کوڑے کرکٹ سے توانائی کے پیداواری منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ دریں اثنا آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام، سیکریٹری داخلہ عبد الکبیر قاضی اور سیکریٹری پلاننگ ڈاکٹر شیریں مصطفی نے بھی اپنے اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں